Tuesday, November 03, 2026
 

ڈاکٹر اشتیاق احمد کامسیٹس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات

 



ماہر تعلیم سابق ممبر پلاننگ کمیشن اور سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد نے کمیشن آن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فار سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ اِن دی ساؤتھ (کامسیٹس) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر چارج سنبھال لیا۔ وزیراعظم کی منظوری سے تعینات ہوئے ڈاکٹر اشتیاق احمد بین الاقوامی تعلقات کے ممتاز اسکالر، ماہر تعلیم اور پبلک پالیسی کے شعبے میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ انہیں اعلیٰ تعلیم، ادارہ جاتی نظم و نسق، قومی ترقی اور بین الاقوامی تعاون کے شعبوں میں تین دہائیوں سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔ ڈاکٹر اشتیاق احمد قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے اسکول آف پولیٹکس اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز میں پروفیسر ایمریٹس بھی ہیں، کامسیٹس میں تعیناتی سے قبل ڈاکٹر اشتیاق احمد 2022 سے 2025 تک پاکستان کے پلاننگ کمیشن کے رکن رہے، جہاں انہوں نے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ابلاغ، قومی ترقیاتی ترجیحات کے تعین اور پالیسیوں میں ہم آہنگی کے لیے اہم ذمہ داریاں انجام دیں۔ اس دوران وہ سرکاری شعبے کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی بھی کرتے رہے، ڈاکٹر اشتیاق احمد 2016 سے 2021 تک یونیورسٹی آف سرگودھا کے وائس چانسلر بھی رہے۔ ڈاکٹر اشتیاق نے اپنے دور میں سرگودھا یونیورسٹی میں انتظامی اصلاحات، مالی استحکام، تحقیقی سہولیات کی توسیع، ڈیجیٹلائزیشن اور جدت کے فروغ کے لیے اقدامات کیے اور بالخصوص چین کے ساتھ تعلیمی اور تحقیقی تعاون کو وسعت دینے میں بھی کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر اشتیاق احمد 2010 سے 2015 تک برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کے سینٹ انٹونیز کالج میں پاکستان چیئر اور قائداعظم فیلو کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں، جہاں انہوں نے پاکستان اور جنوبی ایشیا سے متعلق علمی تحقیق اور بین الاقوامی سطح پر تعلیمی و پالیسی روابط کو فروغ دیا۔ ڈاکٹر اشتیاق احمد قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد اور شمالی قبرص کی ایسٹرن میڈیٹیرینین یونیورسٹی میں بھی تدریسی اور مختلف انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ڈاکٹر اشتیاق احمد بین الاقوامی تعلقات، پاکستان کی خارجہ پالیسی، عالمی سلامتی، علاقائی تعاون اور ترقی پذیر ممالک کے مسائل پر متعدد تحقیقی مقالوں اور تصانیف کے مصنف ہیں، چین، یورپ، شمالی امریکا، روس، وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں مختلف علمی، تحقیقی اور پالیسی فورمز کے ساتھ بھی ان کی وابستگی رہی ہے۔ ڈاکٹر اشتیاق احمد نے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے امریکن اسٹڈیز (بین الاقوامی تعلقات) میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل