Loading
پشاور، مہمند اور ضلع خیبر میں صاف پانی کو آلودہ کرنے والی ماربل اور چپس فیکٹریوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا گیا، اس دوران ویسٹ مینجمنٹ کا مناسب انتظام نہ ہونے پر 7 فیکٹریاں سیل کردی گئیں۔
خیبرپختونخوا حکومتی ذرائع کے مطابق ’’بدلتا، نکھرتا اور مضبوط خیبرپختونخوا‘‘ کے تحت یہ کارروائی کی گئی ہے۔ ماربل اور چپس فیکٹریوں کی جانب سے فضلے کو غلط طریقے سے ٹھکانے لگانے کے باعث صاف پانی شدید آلودہ ہو رہا ہے، جبکہ پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود بعض فیکٹریاں کچرا تالابوں میں جمع کرنے کے بجائے براہ راست دریا میں پھینک رہی ہیں۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملا گوری میں ماربل کا فضلہ درست طریقے سے ٹھکانے نہ لگانے والی فیکٹریوں کو 7 روز کے اندر صفائی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا، عوامی صحت کا تحفظ یقینی بنانا اور ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد ممکن بنانا ہے۔
خیبرپختونخوا حکومتی ذرائع کے مطابق دریائے کابل کے پانی کو آلودہ کرنے اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی کسی بھی فیکٹری کو رعایت نہیں دی جائے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل