Wednesday, November 04, 2026
 

لیبیا سے ڈی پورٹ ہو کر اسلام آباد آنے والے 12 پاکستانی شہریوں کے خلاف مقدمہ درج

 



لیبیا سے ڈی پورٹ ہو کر آنے والے 12 پاکستانی شہریوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے تمام شہریوں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی منتقل کیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ شہریوں کو مبینہ طور پر مختلف ایجنٹوں نے بیرونِ ملک ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر وزٹ اور عمرہ ویزوں پر پاکستان سے دبئی اور مصر کے راستے لیبیا بھجوایا۔ ایف آئی اے کے مطابق لیبیا سے انہیں کشتیوں کے ذریعے غیر قانونی طور پر اٹلی منتقل کرنے کی کوشش کی گئی۔ مقدمے میں مختلف ایجنٹوں پر شہریوں سے بھاری رقوم وصول کرنے اور انہیں غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک بھجوانے میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ مقدمے میں محمد عدنان حیدر، محمد جمال، نبیل احمد، ثاقب شبیر، محمد فیضان، سجاد محمود، محمد اخلاق، محمد انیس، روحیل تعمیر، رحمان خالد، ثاقب علی اور عارف حسین نامزد ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق دیگر ملوث افراد کے کردار کا تعین دورانِ تفتیش کیا جائے گا جبکہ مقدمے کی تفتیش انسپکٹر محمد عبداللہ کیانی کر رہے ہیں۔ ایف آئی اے اسلام آباد زون نے انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک بھجوانے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل