Loading
یورپ کے مختلف ممالک میں تجارتی مسافر طیاروں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد فضائی سفر میں شدید خلل پڑا، جبکہ متعدد پروازوں کا رخ تبدیل کرکے انہیں متبادل ہوائی اڈوں پر اتارا گیا۔
واقعے کے بعد کئی ہوائی اڈوں پر ہنگامی سکیورٹی اقدامات نافذ کردیے گئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعرات، 5 نومبر 2026ء کو آئرلینڈ، اٹلی، فرانس، بلغاریہ، بیلجیئم، فن لینڈ اور دیگر یورپی ممالک سے منسلک پروازیں دھمکیوں سے متاثر ہوئیں۔
آئرلینڈ کی ایئرلنگس کی ڈبلن سے روم جانے والی پرواز کو بم کی دھمکی ملنے پر فرانس کے شہر پیرس کے مغرب میں واقع ایورے کے فوجی ہوائی اڈے کی جانب موڑ دیا گیا۔
طیارے میں 151 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے، جنہیں حفاظتی اقدامات کے تحت طیارے سے اتارا گیا اور بم ڈسپوزل ماہرین نے جہاز کی تلاشی لی۔
بلغاریہ میں کوپن ہیگن اور میڈرڈ سے آنے والی پروازوں کو صوفیہ جبکہ لندن سے آنے والی پرواز کو پلوودیو ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔
اسی طرح پولینڈ کی فضائی کمپنی ایل او ٹی کی ایک پرواز، میلان سے وارسا جانے والی وِز ایئر کی پرواز اور فن لینڈ کی فِن ایئر کی پروازیں بھی سکیورٹی الرٹس اور حفاظتی جانچ کے باعث متاثر ہوئیں۔
بعض پروازوں کو حفاظتی نگرانی میں منزل تک پہنچانے کے لیے لڑاکا طیاروں کی مدد بھی حاصل کی گئی۔ اٹلی کی فضائیہ نے ہیلسنکی سے روم آنے والی فن ایئر کی پرواز کو نگرانی فراہم کی، جبکہ متاثرہ پروازوں کی آمد پر متعلقہ ہوائی اڈوں پر سکیورٹی اہلکاروں اور بم ڈسپوزل ٹیموں نے تلاشی کا عمل مکمل کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل