Thursday, November 05, 2026
 

گھنٹوں ریلز دیکھنے کی عادت سے پریشان ہیں؟ یہ آسان طریقہ آزمائیں اور اس سے چھٹکارا پائیں

 



کیا آپ بھی صرف چند منٹ کے لیے موبائل اٹھاتے ہیں لیکن دیکھتے ہی دیکھتے گھنٹوں ریلز اسکرول کرنے میں گزار دیتے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والا ایک نیا ٹرینڈ آپ کے کام آسکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر ان دنوں ’برین اسٹیکنگ‘ نامی ٹرینڈ تیزی سے مقبول ہو رہا ہے، جس کا مقصد موبائل اسکرین سے دور رہ کر دماغ کو مفید سرگرمیوں میں مصروف رکھنا ہے۔ برین اسٹیکنگ کیا ہے؟ اس طریقے میں کتابیں، ڈائری، سوڈوکو، کراس ورڈ پزلز اور ڈرائنگ کا سامان ایک جگہ جمع کر کے رکھا جاتا ہے۔ جب بھی موبائل پر ریلز دیکھنے کا دل کرے تو فون اٹھانے کے بجائے ان میں سے کوئی سرگرمی شروع کر دی جاتی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین اپنی روزمرہ زندگی میں ان سرگرمیوں کو شامل کرنے کی ویڈیوز بھی شیئر کر رہے ہیں۔ دماغ کے لیے کیا فوائد ہیں؟ ماہرین کے مطابق کتابیں پڑھنے، پہیلیاں حل کرنے اور لکھنے جیسی سرگرمیاں توجہ، یادداشت اور سوچنے سمجھنے کی صلاحیتوں کو متحرک رکھنے میں مدد دے سکتی ہیں۔ خاص طور پر سوڈوکو جیسی ذہنی مشقیں توجہ اور مسئلے حل کرنے کی صلاحیتوں کو استعمال کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ یہ طریقہ کیسے اپنائیں؟ اس کے لیے کسی مہنگے سامان کی ضرورت نہیں، گھر میں موجود کتاب، نوٹ بک یا اخبار کی پہیلیوں سے آغاز کیا جا سکتا ہے۔ روزانہ چائے پینے کے بعد یا سونے سے پہلے صرف 10 منٹ ان سرگرمیوں کے لیے مختص کریں اور سامان موبائل کی طرح اپنی پہنچ میں رکھیں۔ اگرچہ برین اسٹیکنگ موبائل کی عادت ختم کرنے کا کوئی یقینی حل نہیں، تاہم یہ غیر ضروری اسکرولنگ کم کرنے اور پرانے مشاغل دوبارہ اپنانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل