Thursday, November 05, 2026
 

شارع فیصل کال سینٹر چھاپہ؛ 9 ملزمان کا جسمانی ریمانڈ، کم عمر اور خواتین ملازمین کی ضمانت منظور

 



جوڈیشل کورٹ نے شارع فیصل پر کال سینٹر میں چھاپے میں گرفتار 273 ملزمان میں سے 9 کا جسمانی ریمانڈ اور دیگر کا عدالتی ریمانڈ دے دیا، عدالت نے 18 برس سے کم عمر ملازمین اور خواتین کو 5 ہزار روپے کے عوض ضمانت پر رہائی کا حکم دے دیا۔ دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی گلریز میمن کی عدالت میں تفتیشی افسر پیش ہوئے جہاں ملزمان کو وڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر نے محکمہ داخلہ کا نوٹی فکیشن عدالت میں پیش کردیا اور کہا کہ محکمہ داخلہ نے کال سینٹر کو سب جیل قرار دینے کا نوٹی فکیشن جاری کیا ہے، گرفتار 273 ملزمان کو کال سینٹر پر ہی حراست میں رکھا گیا ہے، ملزمان غیر قانونی کال سینٹر کے ذریعے غیر ملکیوں سے فراڈ میں ملوث ہیں، کال سینٹر کے 9 اہم ملزمان کا جسمانی ریمانڈ درکار ہے جب کہ دیگر ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے۔ وکیل صفائی نے کہا کہ ملزمان میں 70 سے زائد کم عمر بچے اور 80 سے زائد خواتین بھی شامل ہیں، مقدمے کی دفعات قابل ضمانت ہیں، کم عمر ملزمان اور خواتین کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔ عدالت نے نو ملزمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر این سی سی آئی اے کی تحویل میں دے دیا، عدالت نے 18 برس سے کم عمر اور خواتین ملزمان کو پانچ ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم بھی جاری کردیا، عدالت کا دیگر ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم جاری کردیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل