Thursday, November 05, 2026
 

کال سینٹر پر چھاپہ، گرفتار ملازمین کے اہل خانہ کا شارع فیصل پر احتجاج، گاڑیوں کی قطاریں

 



شارع فیصل بلوچ کالونی پل کراؤن پلازا کے قریب واقع دارالامان سوسائٹی میں کال سینٹر پر این سی سی اے کے چھاپے کے دوران حراست میں لیے گئے افراد کے اہل خانہ کی جانب سے شارع فیصل بلوچ کالونی پل کے قریب احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے شارع فیصل بلاک کردی جس کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ احتجاج کے باعث میٹروپول اور ٹیپو سلطان کٹ سے ایئرپورٹ جانے والا راستہ بھی بند ہوگیا، ٹریفک جام میں اسکول وینز اور ریڈ و گرین بسیں پھنس گئیں شہریوں نے رانگ وے سفر شروع کردیا جس کی وجہ سے ٹریفک جام کی صورتحال مزید سنگین ہوگئی اور شہریوں کی بڑی تعداد کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ احتجاج کال سینٹر پر این سی سی اے کے چھاپے کے دوران حراست میں لی گئی خواتین سمیت متعدد افراد کے اہلخانہ کی جانب سے کیا گیا۔ احتجاج کرنے والے اہل خانہ کا مطالبہ تھا کہ ان کے پیاروں کو فوری رہا کیا جائے، ان کے بچے کال سینٹر پر ملازمت کر رہے تھے، ان کا کسی بھی غیرقانونی کام سے کوئی تعلق نہیں، اہل خانہ  نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے بچوں کو فوری رہا کیا جائے۔ احتجاج اور ٹریفک جام کی اطلاع موصول ہوتے ہی ٹریفک پولیس اور ڈسٹرکٹ پولیس کے افسران موقع پر پہنچ گئے اور احتجاجی مظاہرین سے احتجاج ختم کرنے کے لیے مذاکرات کیے جس کے بعد احتجاجی مظاہرین نے اپنا احتجاج ختم کردیا اورپولیس کی جانب سے شارع فیصل پر ٹریفک بحال کردی گئی۔.

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل