Loading
کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 10 ملزمان زخمی ہوگئے پولیس نے مجموعی طور پر 11 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، موٹرسائیکلیں، موبائل فونز اور نقدی برآمد کرلی۔
پولیس کے مطابق فیروزآباد پولیس اور شاہین فورس کا شہید ملت روڈ پر مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ زخمی ملزم کی شناخت نعیم کے نام سے ہوئی ہے، جسے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایف بی ایریا بلاک 5 میں ندی کے قریب گلبرگ پولیس کے مبینہ مقابلے میں دو ملزمان حنیف اور فہد زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔ ملزمان سے اسلحہ، موبائل فونز اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔
اسی طرح درخشاں پولیس نے ڈیفنس کے علاقے چھوٹا بخاری میں کارروائی کے دوران دو مبینہ ڈاکوؤں شرجیل اور سعود کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں صبا سینما کے قریب پولیس مقابلے کے بعد 18 سالہ عادل زخمی حالت میں پکڑا گیا۔
گلبہار پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان عبید عرف مچھیل اور امین کو گرفتار کیا، جن میں سے ایک زخمی تھا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو پستول، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ادھر کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مہران ٹاؤن میں مبینہ مقابلے کے دوران ایک ملزم علی گل کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔
پولیس اور امدادی اداروں کے مطابق تمام زخمی ملزمان کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی اور تفتیش جاری ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل