Loading
پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ اداروں کےساتھ لڑائی کا کوئی فائدہ نہیں، پارٹی لڑائی جھگڑے ختم کرکے مفاہمت کا راستہ اپنائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ چھوٹے صوبے قومی ضرورت ہیں، ان کے قیام سے عوام کے بنیادی مسائل حل ہوں گے۔ نئے صوبے بنانا تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے۔ ہم اصولی طور پر اس کے حامی ہیں، تاہم آئینی تقاضے پورے کیے جائیں۔ حکومت نے تاحال اس معاملے پر ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پارٹی لڑائی جھگڑے ختم کرکے مفاہمت کا راستہ اپنائے، اداروں سے لڑائی کا کوئی فائدہ نہیں، تمام مسائل کا حل پارلیمنٹ سے نکلے گا۔ اداروں اور پی ٹی آئی کی لڑائی کا فائدہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو ملا، نقصان لیڈرشپ اور کارکنوں کو ہوا۔
انہوں نے کہا کہ بانی کے لیے آدھی رات کو اڈیالہ جیل میں طبی ٹیم کا جانا سوالیہ نشان ہے، حکومت اصل صحت چھپا رہی ہے۔ حکومت طبی رپورٹس خاندان کے حوالے کرے۔
شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ علاج میں غفلت، ملاقاتوں پر پابندی اور وکلا تک رسائی نہ دینا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے میں ہم اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیا جائے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل