Tuesday, November 10, 2026
 

تربیلا حادثہ؛ 82 ارب روپے کا توسیعی منصوبہ 200 ارب تک پہنچنے کا خدشہ

 



تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے میں پانی داخل ہونے کے واقعے سے تعمیراتی سرگرمیاں متاثر ہوگئی ہیں، جبکہ وزیر آبی وسائل اور وزیراعظم آفس نے حادثے کا نوٹس لے لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تعمیرات غیر معیاری تھیں یا حادثہ قدرتی تھا، اس حوالے سے تحقیقات میں غور جاری ہے۔ واپڈا ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مکمل تحقیقات کرائی جائیں گی۔ آج واقعے کی مکمل اسیسمنٹ کے بعد باقاعدہ انکوائری کمیٹی تشکیل دیے جانے کا امکان ہے۔ دستاویزات کے مطابق تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کی ابتدائی منظور شدہ لاگت 82 ارب 36 کروڑ روپے تھی، تاہم منصوبے پر جنوری 2026 تک 153 ارب 95 کروڑ روپے خرچ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس طرح منصوبے پر ابتدائی منظور شدہ لاگت سے 71 ارب 59 کروڑ روپے زائد خرچ ہو چکے تھے۔ دستاویزات کے مطابق منصوبے کا تعمیراتی کام اگست 2021 میں شروع ہوا، جبکہ جنوری کی رپورٹ میں تکمیل کی تاریخ مئی 2027 مقرر کی گئی تھی۔ منصوبے میں 1530 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے 3 یونٹ نصب کیے جانے ہیں، تاہم منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کے باعث سابقہ مشاورتی کمپنی کا معاہدہ جون 2024 میں ختم کردیا گیا اور منصوبے کے باقی ماندہ کام کی نگرانی کے لیے نئی مشاورتی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی گئیں۔ واپڈا کے مطابق رابطہ سرنگ کی کھدائی کے دوران چٹان کا کمزور حصہ گرنے سے پانی داخل ہوا۔ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور اہم تنصیبات محفوظ ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ منصوبے کی تعمیراتی پیش رفت، بڑھتی لاگت اور حالیہ حادثے کے بعد حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ تربیلا منصوبے میں پیش آنے والے واقعے کی تکنیکی وجوہات جاننے کے لیے آزادانہ تحقیقات کی ضرورت ہے، جبکہ حفاظتی انتظامات، تعمیراتی معیار اور حادثے کے ممکنہ مالی اثرات کا تفصیلی جائزہ لینے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ حادثے کے بعد منصوبے کا پی سی ون تبدیل ہونے کا امکان ہے، جبکہ منصوبے کی لاگت مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ٹی 5 منصوبے کی لاگت 200 ارب روپے سے زائد ہونے کا خدشہ ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل