Loading
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو پہلے اپنے اتحادیوں کو اعتماد میں لینا چاہیے اور اپوزیشن سے جھگڑے چھیڑنے کی بجائے افہام و تفہیم سے کام لینا چاہیے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ ری ہیبیلیٹیشن (SPHF) کے تحت 10 لاکھ گھروں کی تکمیل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا آغاز تو قدرتی آفت سے ہوا لیکن اس سے بیروزگاری کے دوران عوام کو معاشی تحفظ بھی ملا، عوام اپنی حکومتوں کی طرف تقسیم کی سیاست اور ایک دوسرے سے لڑانے کے لیے نہیں دیکھتے، عوام اپنی زندگیاں آسان بنانے کے لیے اپنی حکومتوں کی طرف دیکھتے ہیں، حکومت سندھ کے گھر بنانے یا مفت علاج کے منصوبے عوام کو ریلیف دینے والے منصوبے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب ہم عالمی اداروں سے بات کر رہے تھے تو وفاقی حکومت کہہ رہی تھی کہ یہ رقم ہمیں دیں، ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نااہل ہے، یہ کام ہم کریں گے، ان کا منصوبہ تھا کہ سندھ کے عوام کو بنے بنائے گھر دیں گے، میں ان کو دیکھ کر ہنستا تھا کہ ان کو سندھ کے موسم کا پتہ ہی نہیں ہے، اتنی گرمی میں عوام بنے بنائے گھروں میں کیسے رہ سکتے تھے، ورلڈ بینک کا شکریہ کہ انہوں نے حکومت سندھ پر اعتماد کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گھر بنانے کی ذمہ داری وفاقی حکومت نے لی، وہاں تین سال میں 30 ہزار گھر بنے ہیں، حکومت سندھ نے 3 سالوں میں 10 لاکھ گھر بنا دیے، صوبہ سندھ کی سب سے زیادہ کردار کشی کی جاتی ہے کہ یہ کرپٹ ہے، سیلاب متاثرین کے لیے گھروں کا منصوبہ سب سے زیادہ ڈالرز والا منصوبہ ہے، اگر حکومت سندھ پیسہ بنانے کے لیے محنت کر رہی تھی تو اب گھروں کی بجائے کرپشن ہوتی، وزیراعلیٰ سندھ سے کہتا ہوں کہ وہ عالمی اداروں کو دعوت دے کہ وہ اس منصوبے کا آڈٹ کریں، میں دعوے سے کہہ سکتا ہوں کہ اس منصوبے میں کرپشن نہیں ہوئی، لوگوں کے لیے گھر بنے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے 10 لاکھ گھر بناتے بناتے 10 لاکھ روزگار کے مواقع بھی پیدا کیے، اب ملک کو ری سیٹ کی ضرورت ہے، اب ملک کو تاجروں اور کاروباری افراد کی بجائے عوام کی مرضی سے چلانا ہوگا، مراد علی شاہ جیسا بڑا کام آج تک کسی وزیراعلیٰ نے نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ کہ انہوں نے ہمارا ساتھ دیا، شہباز شریف سے پہلے ایک اور وزیراعظم تھا، اس وقت بھی سندھ میں سیلاب آیا تھا لیکن ہمیں ایک روپیہ نہیں دیا، اس وزیراعظم نے یہ بھی کہا تھا کہ سندھ ہمارا نہیں ہے، شہباز شریف نے کم از کم ہمیں یہ محسوس نہیں ہونے دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایک معاشی آفت آئی ہوئی ہے، اس کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کی سیاست کو ری سیٹ کرنا ہوگا، سیاسی ری سیٹ کے لیے تمام جماعتوں کو آپس میں لڑنے کی بجائے مل کر کام کرنا ہوگا، پاکستان کے عوام آج ایک دوسرے سے لڑنے کی باتیں نہیں سننا چاہتے، عوام اسلام آباد یا لاہور کے کاروباری طبقے کی خواہش پر اپنے نظام کو تلپٹ ہوتے نہیں دیکھنا چاہتے، وزیراعظم سے درخواست ہے کہ سب سے پہلے اپنے اتحادیوں کو اعتماد میں لیں، اپوزیشن کے ساتھ بھی نئے جھگڑے چھیڑنے کی بجائے افہام و تفہیم سے کام لیں، جب تک حکومت اور اپوزیشن مل کر کام نہیں کریں گے عوام کو ریلیف ملنا ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جب تک ہے عوام کو اسی طرح ریلیف فراہم کرتی رہے گی، جہاں تک ممکن ہو سکا عوام کے معاشی بوجھ میں کمی لائیں گے، عوام کو خوشخبری دینا چاہتا ہوں، ہم نے وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں اتفاق کیا کہ تمام کام مل کر کریں گے، اب عوامی مفاد کے کام زیادہ آسان ہوں گے، مجھے وزیراعلیٰ کی دعوت کا انتظار ہوگا کہ جب وہ اگلا ریکارڈ بنائیں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ 10 لاکھ صرف گھر نہیں، ہم نے ان مالکان کو زمین کا مالک بھی بنایا، یہ منصوبہ 1970 کے بعد زمین کے ٹرانسفر کا بھی سب سے بڑا منصوبہ ہے، ہم نے گھر کی خواتین کو زمین کا مالک بنایا، جن کے پاس گھر نہیں تھا ان کو گھر بنا کر دیے، زمین کی ملکیت دی، میں نے آج جن خواتین کی کہانی سنی ہے، ان کی خوشی دیکھ کر فخر محسوس ہوتا ہے، ہم سیاست میں عوام کی خوشی کرنے آئے ہیں، عوام پر حکمرانی کرنے نہیں، امید ہے اسلام آباد والے بھی حکمرانی کی بجائے عوام کی خدمت کا سوچیں تو پورا پاکستان سندھ کی طرح خوش ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بارش جب ہوئی تو میں لاڑکانہ میں تھا اور ہمارے سامنے بارش سیلاب میں بدل گئی، ہم جب بھی ہیلی کاپٹر پر جاتے تو ایسے لگتا ہم سمندر کے اوپر سے گزر رہے ہیں، متاثرین کے پاس اترتے تو وہ ہمیں جھنجھوڑتے کہ ہمارے گھر ڈوب گئے ہیں، اس وقت ہمیں نہیں پتہ تھا کہ یہ ممکن کیسے ہوگا لیکن ہم نے کام کا آغاز کر دیا، تین سال میں حکومت سندھ نے تاریخ رقم کر دی کہ دس لاکھ گھر بنا دیے۔
2023 کے سیلاب پر انہوں نے کہا کہ 2023 کے سیلاب میں سندھ کے 50 فیصد تعلیمی ادارے تباہ ہو گئے تھے، 2010 میں بھی تعلیمی اداروں کو اتنا ہی نقصان پہنچا تھا، سندھ میں تعلیمی بحران کی بات تو کی جاتی ہے لیکن پوچھا نہیں جاتا کہ یہ مسئلہ کیوں ہے؟ اگر بچے اسکول سے باہر ہیں اور شرح خواندگی کم ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ کسی دوسرے صوبے نے اس قسم کی آفت نہیں دیکھی، سندھ پر تنقید کی بڑی وجہ این ایف سی ایوارڈ بھی ہے، یہ اس لیے ممکن ہوا کہ ہم نے اس چیلنج کو مل کر قبول کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ دس لاکھ گھروں کی تعمیر دنیا کے سب سے بڑے ہاؤسنگ منصوبے کی تکمیل کا تاریخی سنگ میل ہے، سیلاب متاثرین کے لیے 23 اضلاع میں 21 لاکھ موسمیاتی اثرات سے محفوظ گھر بنانے کا ہدف ہے، تعمیر شدہ ہر گھر جیو ٹیگڈ اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ساتھ تصدیق شدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے ایک دو وزٹ کے بعد مجھے کہا کہ متاثرین کے لیے گھر بنانے ہیں، میں نے اپنے لوگوں سے مشورہ کیا اور جواب آیا کہ یہ ممکن نہیں ہے، اگلے روز چیئرمین صاحب ملے اور پوچھا وزیراعلیٰ گھروں کے لیے کیا کیا آپ نے؟ میں نے ہمت کی اور کہا کہ سر یہ نہیں ہو سکتا، چیئرمین نے کہا کہ آپ کام شروع کریں، ان کو ممکن بنانا اب میرا کام ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ میں نے چیف سیکریٹری سمیت اعلیٰ افسران کے ساتھ اجلاس کیا، ہم نے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی سے بات کی، ناجی نے کہا کہ ہاں ہم کر سکتے ہیں، چلیں کام کرتے ہیں، عالمی بینک نے فنڈز کی تیز ترین منظوری دی، ہم نے ستمبر میں بات کی اور جنوری تک تمام معاملات نمٹ گئے، ایک ناقابل تصور منصوبہ حقیقت میں بدل گیا اور آج ہم ایک ملین گھروں کو سیلیبریٹ کر رہے ہیں، اگر چیئرمین صاحب کا ویژن نہ ہوتا یہ ممکن نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے تھے کہ حکومت سندھ پیسہ خرچ کرنے کے لیے خود سیلاب لائی ہے، ہم نے اپنی منصوبہ بندی سے مشکل کو موقع میں بدل دیا، اب متاثرین کہتے ہیں کہ جب بارش آتی ہے تو ان کو ڈر نہیں لگتا، ہمارے وزرا اور افسران روزانہ اجلاس کرتے تھے اور ایسے لگتا تھا ہمارے اپنے گھر ڈوب گئے ہیں، جب بھی سیلاب متاثرین کے گھروں میں جاتے ہیں ایسے لگتا ہے جیسے ہمارے اپنے گھر ہوں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ چیئرمین صاحب کو بلوچستان میں موقع ملا تو انہوں نے وہاں بھی گھر بنانے کا حکم دیا، گلگت بلتستان میں ہماری حکومت آئی تو انہوں نے وہاں بھی گھر بنانے کا حکم دے دیا، اگر پورے پاکستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت آئی تو کوئی پاکستانی بے گھر نہیں رہے گا، میں ایک دوسرے صوبے میں گیا جہاں ڈیڑھ سال پہلے سیلاب آیا تھا لیکن لوگوں کو گھر نہیں ملے، میں نے ان لوگوں کو کہا کہ آپ کے پاس بلاول نہیں ہے جو ایسا ویژن دے سکتے، پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت عوام کی مشکلات دیکھتی ہے، پیپلز پارٹی نے تمام الیکشنز میں بلاول کے نام پر ووٹ لیے ہیں، یہ دس لاکھ گھر میرے ہیں اور آپ تصور کر سکتے ہیں جن کے دس لاکھ گھر ہوں وہ کتنا امیر ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ پیپلز ہاؤسنگ پروگرام میں عالمی بینک نے 50 کروڑ ڈالرز فراہم کیے، حکومت سندھ نے اپنے فنڈز سے 17 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز کا حصہ ڈالا، ایشین ڈیولپمنٹ بینک، اسلامک ڈیولپمنٹ بینک اور یورپی انویسٹمنٹ بینک کے تعاون کے شکر گزار ہیں، اس پروگرام کی سب سے بڑی کامیابی خواتین کی خودمختاری ہے، دیہی سندھ کی لاکھوں خواتین پہلی بار اپنے گھروں کی مالکن بن گئیں، خواتین کے نام پر گھر کی رجسٹریشن محض جائیداد نہیں بلکہ تحفظ اور وقار ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھروں کی فراہمی کے بعد اب پینے کے صاف پانی، سینیٹیشن اور ڈرینیج کے منصوبوں پر کام جاری ہے، تقریباً 1 ارب ڈالر کی مشترکہ سرمایہ کاری سے 4 ہزار 800 دیہاتوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی، 10 لاکھ گھر مکمل ہو چکے، کل ہمارا سفر 21 لاکھ گھروں کی تکمیل کی طرف بڑھے گا، ٹھیکیداروں کے بجائے متاثرہ خاندانوں کو خود اپنا گھر بنانے کے لیے بااختیار بنایا، ایس پی ایچ ایف کی صرف 40 افراد پر مشتمل ٹیم نے ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے تاریخی کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ورلڈ بینک سے واش پر بھی بات کر رہے ہیں، پانی کو بچانے کے لیے کام کر رہے ہیں، پینے، زراعت اور انڈس ڈیلٹا کے لیے پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، ایس پی ایچ ایف کی پوری ٹیم، ورلڈ بینک، اسلامی بینک، یورپی بینک اور تمام پارٹنرز کا شکر گزار ہوں، چیئرمین نے ہمیں ہر موقع پر سپورٹ کیا، ہم نے مالی امداد کی بات کی تو چیئرمین صاحب نے بطور وزیر خارجہ جنیوا کانفرنس بلالی، جنیوا کانفرنس میں سب سے زیادہ فنڈز حکومت سندھ لائی تھی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل