Tuesday, November 10, 2026
 

ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کی فلم ’سردار جی 3‘ بالآخر بھارت میں بھی ریلیز

 



پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر اور بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کی پنجابی فلم ’سردار جی 3‘ بالآخر بھارتی ناظرین کے لیے بھی پیش کردی گئی ہے۔ سیاسی کشیدگی اور ہانیہ عامر کی فلم میں شمولیت پر ہونے والے ردعمل کے باعث یہ فلم بھارت کے سینما گھروں میں ریلیز نہیں ہوسکی تھی، تاہم اب اسے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے وہاں کے شائقین تک پہنچا دیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق کامیڈی اور ہارر کے امتزاج پر مبنی یہ فلم 9 نومبر کو بھارتی او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر جاری کی گئی۔ اس سے قبل ’سردار جی 3‘ پاکستان سمیت متعدد ممالک میں سینما گھروں کی زینت بن چکی تھی۔ فلم کو 27 جون 2025 کو پاکستان اور دیگر بین الاقوامی مارکیٹس میں ریلیز کیا گیا تھا۔ بھارتی سینما گھروں میں نمائش نہ ہونے کے باوجود فلم نے پاکستانی باکس آفس پر نمایاں کامیابی حاصل کی۔ فلمی نمائش کے شعبے سے وابستہ ندیم مانڈوی والا کے مطابق ’سردار جی 3‘ نے پاکستان میں تقریباً 60 کروڑ روپے کا کاروبار کیا، جس کے باعث یہ ملک میں ریلیز ہونے والی کامیاب ترین پنجابی فلموں میں شمار ہونے لگی۔ دلجیت دوسانجھ نے بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو انٹرویو دیتے ہوئے ہانیہ عامر کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بھی بیان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں کو ایک ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا موقع نہیں ملا، تاہم ہانیہ انتہائی پیشہ ور اداکارہ ہیں اور فلم کے سیٹ پر ان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا۔ گلوکار نے ہانیہ کے کام کے لیے احترام کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوسروں کی نجی زندگی کا بھی اسی طرح خیال رکھتے ہیں جیسے اپنی پرائیویسی کو اہمیت دیتے ہیں۔ ان کے مطابق وہ بالخصوص خواتین کو ان کی ذاتی حدود اور نجی جگہ کا احترام دیتے ہیں۔ واضح رہے کہ ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کی پہلی ملاقات گزشتہ برس اکتوبر میں لندن میں ہوئی تھی، جہاں ہانیہ نے دلجیت کے عالمی میوزک ٹور کے ایک شو میں شرکت کی۔ اس موقع پر دلجیت نے انہیں اسٹیج پر آنے کی دعوت بھی دی تھی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل