Loading
مجھے اپنی ایک پوتی نے چائے کی ایک پیالی گفٹ کی ہے جس پر’’گرینڈپا‘‘ کے الفاظ باہر سے لکھے گئے ہیں اور اندر کے کنارے پر یو لائٹ اپ مائی لائف کے الفاظ لکھے گئے، پیالی بہت بڑی ہے ایک بڑے مگ جتنی۔اگر کوئی اس سے چائے یا کافی پی رہا ہو تو لگے گا کہ اتنی بڑی پیالی۔ لیکن الٹ کر دیکھیے تو آدھے تک نیچے سے خالی ہے اور زیادہ سے زیادہ آٹھ گھونٹ تک مشروب اس میں آسکتا ہے۔جس کسی نے بھی یہ پیالی ایجاد کی ہے یا بنائی ہے میں تہہ دل سے اسے خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ایک پیالی میں اس نے بہت بڑا فلسفہ پیش کیا ہے کہ یہ بوڑھے محض نام کے بڑے ہوتے ہیں حقیقت میں اندر سے خالی اور ’’کچھ بھی نہیں‘‘ ہوتے۔جیسے ہمارے حکومتی ادارے۔ ’’بزرگ شہری‘‘ کو سینئر سٹیزن کہتے ہیں لیکن عملاً اور حقیقتاً یہ کچھ بھی نہیں ہوتے۔نام بڑا درشن چھوٹے۔پچھلے دنوں جب سڑکیں بانی کے پروانوں سے خالی ہوئیں تو ہم نے بھی شہر کا قصد کیا، شہر کے چپے چپے پر پولیس کے جمگٹھے تھے ،کئی مقامات سے تو ہم بخیریت گزر گئے شاید کچھ لوگوں میں ابھی انسان باقی ہیں، کم کم ہی سہی، لیکن پھر بھی بوڑھوں، مریضوں اور خواتین کا احترام کرتے ہیں لیکن ایک جگہ ایک خالص پولیس والے سے پالا پڑگیا جو اس ملک میں قائد اعظم کے سوا اور کسی کا احترام کرنا نہیں جانتا تھا۔گاڑی سائیڈ میں کروا کے پہلے تو اس نے گاڑی کے کاغذات چیک کیے ان میں کچھ نہیں ملا۔تو دیگر اطراف سے حملہ آور ہوا۔کہاں جا رہے ہو؟۔ڈاکٹر کے پاس۔اور یہی حقیقت بھی تھی، کون سے ڈاکٹر کے پاس؟ سچ کہتے ہو یا جھوٹ؟ سچ کہہ رہا ہوں بیمار ہوں۔ بیمار ہو؟۔ ہاں۔کیا بیماری ہے؟ یہی تو معلوم کرنے جا رہا ہوں۔ دیکھو واقعی ڈاکٹر کے پاس جا رہے ہو یا جھوٹ بول رہے ہو۔نہیں سچ کہہ رہا ہوں، واقعی بیمار ہوں۔ کافی دیر سوچنے،کاغذات پھر چیک کرنے کے بعد بولا۔ٹھیک ہے ڈاکٹر کے پاس جا رہے ہو اس لیے چھوڑ رہا ہوں۔ہمیں بھی غصہ آگیا۔وہ ایک اور شکار پر جھپٹ رہا تھا کہ ہم نے اس کے کاندھے پر ہاتھ رکھتے ہوئے کہا۔ٹھہرو ذرا یہ بتاؤ کہ کس جرم میں ’’چھوڑ‘‘ رہے ہو مجھے۔بولا ایک ہزار دفعات ہیں میرے پاس۔ہم نے کہا وہ نناوے دفعات کو اوروں کے لیے چھوڑ دو صرف وہ ایک دفعہ بتاؤ جس میں تم مجھے چھوڑ کر احسان لاد رہے ہو۔چلو کہاں چلنا ہے۔ میں تمہارے چھوڑنے کا احسان مند نہیں ہونا چاہتا۔ پکڑلو، کہاں لے چلنا ہے۔ وہ حیران ہو رہا تھا میں نے بیٹے سے کہا یہ مجھے پکڑ کر لے جا رہا ہے تم ذرا اخبارمیں فون کرکے بتادو۔اخبار والے ہو؟ تو پہلے کیوں نہیں بتایا۔ اس لیے نہیں بتایا کہ ایک مرتبہ تمہارے ہی ایک بھائی بند کے ہاتھوں۔ ’’اخباروالا‘‘ ہونے کی سزا بھگت چکا ہوں۔وہ قصہ بھی سنادوں ہمارے دوست ہمارے مہربان ہمارے بھائی جواد نذیر جب زندہ تھے، ایک روز پشاور آکر بولے کہ سوات کا چکرلگانا ہے، عقیل یوسفزئی کو بھی ساتھ لیا اور چل پڑے ارادہ بحرین کالام کا تھا۔مینگورہ سے نکلے تو ایسی ہی پولیس والوں کی چیک پوسٹ آئی۔ ہمارے کم بخت منہ سے نکلا کہ ہم اخبار والے ہیں اس امید پر کہ جانے دے گا۔لیکن اس نے بولا۔ گاڑی سائیڈ میں کرلو اور اوپر دفتر جاؤ۔گاڑی سائیڈ میں کی۔تو دیکھا کہ سارے لوگ آرام سے جا رہے ہیں کسی سے پوچھا جاتا تھا، کسی سے نہیں۔ ہم حیران کھڑے تھے کہ ایک سپاہی نے ہمیں پندرہ بیس سیڑھیاں چڑھا کر اوپر دفتر پہنچایا اور بیٹھے ہوئے افسر کو بتایا کہ اخبار والے ہیں، وہ مستعد ہوگیا اور لگاتار کئی سوالات کیے اور کچھ لکھتا رہا، پھر بولا گھر کا نمبر بھی بتا دیجیے۔آخر میں عقدہ یہ کھلا کہ آگے علاقہ خطرناک ہے اور اگر ہمیں ’’کچھ ہوجائے‘‘ تو لواحقین کو اطلاع دینا آسان ہو تاکہ وہ لاشیں لینے آجائیں۔ آدھے گھنٹے بعد اتر آئے تو سڑک پر ٹریفک رواں تھی ٹرک، پک اپ اور بسیں برابر چل رہی تھیں۔چیکنگ والے کسی کسی سے کچھ پوچھ لیتے اور جانے کا اشارہ کر دیتے۔ اس کے بعد چلے تو صحافت کا چھاج اپنی دُم سے کھول کر ایک طرف رکھ دیا اورآلو پیاز کے سوداگر بن گئے تو کسی نے کہیں بھی نہیں روکا۔ہمارے اس’’ چیونٹی کے گھر‘‘ عرف کے پی پی عرف خیرپخیر میں سب کچھ دستیاب ہے صرف ایک خیرپخیر کے سوا۔چنانچہ آج کل پھر نئی ’’تبدیلی‘‘ کا عالم ہے جگہ جگہ۔پولیس والے لوگوں کو پکڑتے ہیں۔ ایک زمانے میں یہ صوبہ مثالی تھا۔پولیس والے خواتین اور ان اسٹوپڈ بزرگ شہریوں اور سینئرسٹیزن کو گاڑی میں دیکھ کر جانے کا اشارہ کردیتے تھے، شاید کہ اس وقت پولیس میں پرانے ’’ان پڑھ‘‘ پولیس والے بھی تھے لیکن آج کل سارے اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں ساتھ ہی پوسٹ خرید بھی چکے ہیں اور یہ فیصلہ بھی ہوچکا ہے کہ اس ملک میں صرف ایک بزرگ شہری اور ایک سینئر سیٹزن ہے اس کا احترام کرو اور اس کا نام قائد اعظم ہے۔ باقی کیا پتہ کہ کون سے کاسٹیوم اور چیک اپ میں کون چھپا ہوا ہے داڑھی اور بڑھاپا نقلی بھی تو ہوسکتا ہے۔ جب اتنی ساری چیزیں جعلی اور نقلی ہیں تو مجرم اور دہشت گرد بھی دونمبر ہوسکتے ہیں، بزرگ شہری اور اسٹوپڈ سینئر سٹی زن بھی
مشکل ہے کہ اب شہر میں نکلے کوئی گھر سے
دستار پہ بات آگئی ہوتی ہوئی سر سے
پہ سبب د ظالمانو حاکمانو
کور او گور او پیخاور دریواڑہ یو دی
ترجمہ۔ظالم حاکموں کے سبب سے،گھر،گور اور پشاور تینوں ایک ہیں ۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل