Loading
وزیراعظم شہباز شریف نے کوہاٹ کے علاقے دارہ بکاخ میں دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں خیبرپختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیراعظم نے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) حیدر زمان سمیت تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے فرض شناسی، جرأت اور بہادری کی عظیم مثال قائم کی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کے امن و سلامتی کے لیے جانیں قربان کرنے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں۔ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم ان کی خدمات اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
وزیراعظم نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں 18 خوارج کی ہلاکت کو خیبرپختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور دہشت گردی کے خلاف غیرمتزلزل عزم کا مظہر قرار دیا۔ وزیراعظم کے مطابق جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کا گٹھ جوڑ ملک میں بدامنی پھیلانے کی مذموم کوشش ہے، تاہم ایسے عناصر کو ان کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکار جس جرأت اور ثابت قدمی سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، وہ قابل تحسین ہے۔ پوری قوم اس جنگ میں اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان کے امن و استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت پُرعزم ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل