Friday, November 13, 2026
 

برطانیہ: گمشدہ دلہن کی تلاش کے دوران خاتون کی لاش برآمد

 



برطانیہ میں دو ہفتے سے لاپتا 29 سالہ خاتون ایرن رائٹ (جن کی شادی ہونے والی تھی) کی تلاش کے دوران دلدلی علاقے سے لاش برآمد ہوئی ہے۔ ایرن رائٹ 27 اکتوبر کو نکاشائر کے علاقے لیتھم میں اپنے گھر سے پراسرار طور پر لاپتا ہوگئی تھیں۔ ان کی گمشدگی کی اطلاع ان کے منگیتر سائیلس اوکیرول پونڈ نے پولیس کو دی تھی۔ پولیس کے مطابق جمعرات کی سہ پہر تقریباً ساڑھے تین بجے لیتھم اور وارٹن کے درمیان ساحلی دلدلی علاقے سے ایک لاش ملی۔ اگرچہ، لاش کی باضابطہ شناخت ابھی نہیں ہوئی لیکن پولیس کو یقین ہے کہ یہ ایرن رائٹ کی ہے اور ان کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ گمشدگی کے روز ایرن کو صبح تقریباً ساڑھے دس بجے کلفٹن ڈرائیو ساؤتھ کے علاقے میں دیکھا گیا تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج سے معلوم ہوا کہ وہ پہلے لیتھم کے مرکزی علاقے میں گئیں اور پھر بس کے ذریعے سینٹ اینس پہنچیں۔ پولیس کے مطابق ان کی آخری ویڈیو میں وہ ہلکے زیتونی سبز رنگ کی ہوڈی پہنے سڑک پر پیدل چلتی دکھائی دی تھیں۔ تفتیش کاروں کا خیال تھا کہ وہ بعدازاں فیئرہیون جھیل کے علاقے میں بھی گئی ہوں گی جہاں شام ساڑھے پانچ بجے کے قریب ان کی موجودگی کا امکان تھا۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ ایرن کی موت کو مشکوک نہیں سمجھا جا رہا اور معاملے کی رپورٹ متعلقہ کورونر کو بھیجی جائے گی۔ پولیس نے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ واقعے کے بارے میں سوشل میڈیا پر قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور سوگوار خاندان کی نجی زندگی کا احترام کریں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل