Friday, November 13, 2026
 

قدرتی وسائل اور قومی ترقی

 



قدرت نے پاکستان کے دامن میں دولت کے ایسے بے شمار چراغ رکھ چھوڑے ہیں جن کی روشنی سے نہ صرف ہماری معیشت کے اندھیرے دور ہوسکتے ہیں بلکہ قومی خوش حالی کے نئے افق بھی روشن کیے جاسکتے ہیں، المیہ مگر یہ ہے کہ ہم برسوں سے ان خزانوں کے اوپر کھڑے ہوکر اپنی معاشی محرومیوں کا ماتم کرتے رہے ہیں۔ ہماری زمین کے سینے میں سونا، تانبا، کوئلہ، تیل، گیس، قیمتی پتھر اور دیگر معدنیات پوشیدہ ہیں، مگر ان کی تلاش، استخراج اور تجارتی استعمال کے لیے جس بصیرت، انتظامی استعداد اور مستقل مزاجی کی ضرورت ہے، وہ ہماری حکومتی ترجیحات میں ہمیشہ مطلوبہ مقام حاصل نہیں کرسکی۔ قدرت نے وسائل کی کمی نہیں چھوڑی، اصل کمی ان وسائل کو قومی دولت میں تبدیل کرنے والے نظام کی کارکردگی میں دکھائی دیتی ہے۔ پاکستان کی معاشی تاریخ کا ایک بڑا تضاد یہ ہے کہ ہم نے قدرتی وسائل کی موجودگی کو اپنی خوش حالی کی ضمانت سمجھ لیا، لیکن انھیں بروئے کار لانے کے لیے درکار ادارہ جاتی صلاحیت پیدا کرنے پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی۔ کسی ملک کی دولت کا حقیقی تعین صرف اس کے زیر زمین ذخائر سے نہیں ہوتا بلکہ اس امر سے ہوتا ہے کہ وہ ان ذخائر کو کس قدر دانش مندی، شفافیت اور منصوبہ بندی کے ساتھ قومی پیداوار، روزگار اور برآمدات میں تبدیل کرتا ہے۔ معدنی دولت اس وقت تک محض ارضیاتی امکان ہے جب تک اسے جدید ٹیکنالوجی، سرمایہ، ہنرمند افرادی قوت اور مؤثر انتظامی ڈھانچے کی مدد سے معاشی حقیقت نہ بنایا جائے۔اسی تناظر میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والا پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ اس فورم کے ذریعے وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے ملک کے معدنی امکانات پیش کیے اور انھیں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ بلوچستان کے ضلع چاغی میں سونے اور تانبے کے ذخائر کی تلاش کے لیے غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے اس سلسلے کی ایک اہم پیش رفت ہیں۔ آئین ہوما اور ہاری منرلز کی جانب سے معدنی وسائل کی تلاش اور ان کی استعداد کا جائزہ لینے کا فیصلہ اس حقیقت کی نشان دہی کرتا ہے کہ پاکستان کے معدنی شعبے میں عالمی دلچسپی محض رسمی بیانات تک محدود نہیں رہی بلکہ عملی سرمایہ کاری کی صورت اختیار کرنے کی گنجائش بھی موجود ہے۔ چاغی کا خطہ طویل عرصے سے پاکستان کی معدنیاتی صلاحیت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ یہاں سونے اور تانبے کے وسیع امکانات کے علاوہ ریکوڈک جیسے منصوبے قومی معیشت کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔ بیرک کارپوریشن کے چیئرمین جان تھورنٹن کی پاکستان میں معدنی منصوبوں کے ساتھ تھر کول اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کی خواہش اس امر کی عکاس ہے کہ عالمی سرمایہ کار پاکستان کو مستقبل کی ایک اہم معاشی منزل کے طور پر دیکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ایل این جی، ریفائنری اور توانائی کے دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات بھی اس حقیقت کو تقویت دیتے ہیں کہ معدنیات کی ترقی کو قومی معیشت کے وسیع تر صنعتی ڈھانچے سے الگ کرکے نہیں دیکھا جاسکتا۔  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026ء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’پنجاب پانچ دریاؤں کی سرزمین ہے اور ان پانچوں دریاؤں میں سونا بہہ رہا ہے۔ بالخصوص میانوالی اور اٹک کے علاقوں میں سونے کی وافر مقدار موجود ہونے کے نمایاں شواہد ملے ہیں۔ یہ خالص سونا ہے۔‘‘انھوں نے مزید بتایا کہ پنجاب کے دریاؤں کی ریت اور بجری میں سونے کے علاوہ نایاب زمینی عناصر اور دیگر قیمتی معدنیات بھی موجود ہیں۔ ان ذخائر کی حقیقی مقدار معلوم کرنے کے لیے سروے جاری ہے۔مریم نواز نے خطاب کے دوران دریائی ریت سے حاصل کیے گئے سونے کا ایک نمونہ بھی شرکاء کو دکھایا اور عالمی سرمایہ کاروں کو پنجاب کے معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ تاہم عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کو کامیابی میں بدلنے کے لیے محض کانفرنسوں، معاہدوں اور خوش آئند اعلانات سے آگے بڑھنا ہوگا۔ سرمایہ کار کسی ملک میں صرف اس لیے سرمایہ نہیں لگاتے کہ وہاں قدرتی وسائل موجود ہیں، وہ قانونی تحفظ، پالیسیوں کے تسلسل، انتظامی شفافیت، امن و امان اور منافع کی قابلِ اعتماد ضمانت بھی چاہتے ہیں، اگر کسی منصوبے کی منظوری کے لیے درجنوں محکموں کے دروازے کھٹکھٹانے پڑیں، فائلیں مہینوں اور برسوں تک دفتری میزوں پر گردش کرتی رہیں، اجازت ناموں کے حصول میں غیر ضروری پیچیدگیاں پیدا ہوں اور حکومتی تبدیلی کے ساتھ سرمایہ کاری کی شرائط بھی بدلنے لگیں تو بہترین معدنی امکانات بھی سرمایہ کاروں کے لیے کشش کھو دیتے ہیں۔ فورم میں مختلف صوبائی قیادت کی شرکت اس حوالے سے حوصلہ افزا ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کا اعلان، گلگت بلتستان کی طرف سے سرمایہ کاروں کو معدنیات کی تلاش کی دعوت اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا معدنی شعبے کی ترقی کو صوبائی ترجیح قرار دینا، ایک مشترکہ قومی حکمت عملی کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔ سندھ کے پاس تھر کے کوئلے سمیت ایسے وسائل موجود ہیں جو توانائی کی ضروریات پوری کرنے، صنعتی سرگرمیوں کو وسعت دینے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ تاہم ان منصوبوں میں ماحولیاتی تحفظ، مقامی آبادی کے مفادات اور قدرتی ماحول کے توازن کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ ترقی کا وہ تصور پائیدار نہیں ہوسکتا جو معاشی فائدے کی خاطر انسانی اور ماحولیاتی تحفظ کو قربان کردے۔ بلوچستان اس پورے منظرنامے کا سب سے اہم اور حساس مرکز ہے۔ صوبے میں معدنی وسائل کی فراوانی کے باوجود وہاں کے عوام کو ترقی کے ثمرات سے محرومی کا احساس رہا ہے۔ اس احساس کو محض اعلانات سے ختم نہیں کیا جاسکتا۔ وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کی جانب سے سرمایہ کاروں کو سیکیورٹی اور ضروری سہولتوں کی فراہمی کی یقین دہانی اہم ہے، لیکن اس کے ساتھ مقامی آبادی کو بھی منصوبوں میں حقیقی شراکت دار بنانا ہوگا۔ اگر معدنی منصوبوں سے حاصل ہونے والی آمدن کا مناسب حصہ صوبائی ترقی، تعلیم، صحت، صاف پانی، سڑکوں اور مقامی روزگار پر خرچ ہو تو عوام ان منصوبوں کو اپنی خوش حالی کا وسیلہ سمجھیں گے۔ اس کے برعکس اگر وسائل تو مقامی سرزمین سے حاصل ہوں مگر ترقی کے ثمرات کہیں اور منتقل ہوجائیں تو محرومی اور بداعتمادی کی خلیج مزید گہری ہوسکتی ہے۔ ریکوڈک کا منصوبہ اس حوالے سے قومی امیدوں کا ایک بڑا استعارہ ہے۔ اس منصوبے پر 2029ء تک کام شروع ہونے کی متوقع پیش رفت پاکستان کے معدنی شعبے کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوسکتی ہے۔ تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ بنیادی ڈھانچے، بجلی، پانی، نقل و حمل، افرادی قوت کی تربیت اور سیکیورٹی کے انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ کان کنی محض زمین سے معدنیات نکالنے کا نام نہیں بلکہ اس کے ساتھ انجینئرنگ، تعمیرات، مشینری، نقل و حمل، دھاتوں کی صفائی، کیمیائی صنعت اور برآمدی تجارت کا ایک وسیع معاشی سلسلہ وابستہ ہوتا ہے۔ اگر پاکستان خام معدنیات فروخت کرنے کے بجائے انھیں ملک کے اندر صاف کرنے، پراسیس کرنے اور صنعتی مصنوعات میں تبدیل کرنے کی صلاحیت پیدا کرلے تو قومی آمدن میں کئی گنا اضافہ ممکن ہے۔ معدنی دولت کے استعمال میں شفافیت ایک اور بنیادی تقاضا ہے۔ سرمایہ کاری کے معاہدوں کی شرائط، حکومتی محصولات، رائلٹی، منافع کی تقسیم اور ماحولیاتی ذمے داریوں کے معاملات واضح ہونے چاہییں۔ پارلیمان، متعلقہ اداروں اور عوام کو یہ جاننے کا حق حاصل ہے کہ قومی وسائل سے حاصل ہونے والی آمدن کس طرح خرچ کی جارہی ہے۔ ایک مضبوط احتسابی نظام سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بھی بڑھاتا ہے اور عوام کو بھی یقین دلاتا ہے کہ ان کے قدرتی اثاثے چند مخصوص مفادات کے لیے استعمال نہیں ہورہے۔ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کو اپنی معاشی مشکلات سے نجات کے لیے قرضوں اور بیرونی امداد پر انحصار کم کرنا ہوگا۔ معدنی وسائل اس مقصد کے حصول میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، لیکن انھیں فوری مالیاتی نجات کا نسخہ سمجھنا بھی درست نہیں۔ کان کنی کے منصوبوں میں بھاری سرمایہ، طویل مدت، تکنیکی مہارت اور محتاط منصوبہ بندی درکار ہوتی ہے۔ ان سے حاصل ہونے والی آمدن کو غیر پیداواری اخراجات میں صرف کرنے کے بجائے تعلیم، تحقیق، توانائی، صنعتی ترقی اور بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کرنا ہوگا۔ یہی حکمت عملی قدرتی دولت کو مستقل قومی خوش حالی میں تبدیل کرسکتی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل