Friday, November 13, 2026
 

صرف زبانی جمع خرچ ماحولیاتی تباہی نہیں روک سکتا

 



ترکیہ کے ساحلی شہر انتالیہ میں اکتیسویں سالانہ عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں اس بار بھی لگ بھگ دو سو ممالک اور تنظیموں کے اعلی عہدیدار جمع ہوئے۔مگر گذشتہ اجتماعات کی طرح یہاں بھی جتنے منہ اتنی باتیں کی روایت برقرار رہی۔ اقوامِ متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے بنا لگی لپٹی سب کے منہ پر کہہ بھی دیا کہ ہم باتیں زیادہ کرتے ہیں اور کام کم۔ شائد آپ کو یاد ہو کہ اب سے ٹھیک دس برس پہلے ( نومبر دو ہزار سولہ ) اقوامِ متحدہ کے ایک سو چھیانوے رکن ممالک نے پیرس میں دسمبر دو ہزار پندرہ میں منعقدہ عالمی ماحولیات کی سربراہ کانفرنس میں کیے گئے تحریری عہد نامے پر عمل درآمد کا عزم کیا تھا۔یعنی دو ہزار تیس تک سب ممالک مل کر کچھ ایسے بنیادی اقدامات کریں گے جن سے کرہِ ارض کا اوسط درجہِ حرارت کم ازکم ڈیڑھ سنٹی گریڈ تک نیچے لایا جا سکے۔ ان دس برسوں میں اگرچہ متعدد دستخط کنندگان نے تیل اور گیس کے متبادل صاف ستھری توانائی کے فروغ کے لیے متعدد اچھے اقدامات کیے۔پہلے کے مقابلے میں بہتر پالیسیاں متعارف کرانے کی بھی کوشش کی۔تاہم عالمی درجہِ حرارت کم تو خیر کیا ہوتا اور بڑھتا ہی جا رہا ہے۔  سب سے زیادہ ذمے داری جن ممالک پر عائد ہوتی ہے ان میں سرِ فہرست چین ہے جو کوئلے ، تیل اور گیس کے استعمال کے نتیجے میں سالانہ اکتیس اعشاریہ آٹھ فیصد آلودگی کا ذمے دار ہے۔اس کے بعد امریکا ہے جو بارہ اعشاریہ سات فیصد ، بھارت آٹھ اعشاریہ تین فیصد ، روس چار اعشاریہ چھ فیصد ، جاپان ڈھائی فیصد ، انڈونیشیا اور ایران دو اعشاریہ ایک ایک فیصد ، سعودی عرب ایک اعشاریہ آٹھ فیصد ، جرمنی اور جنوبی کوریا ڈیڑھ ڈیڑھ فیصد ، برازیل اور ترکی ایک اعشاریہ تین تین فیصد ، میکسیکو ایک اعشاریہ دو فیصد ، جنوبی افریقہ ایک فیصد اور دیگر ایک سو ستتر ممالک مجموعی طور پر چوبیس اعشاریہ آٹھ فیصد صنعتی و فضائی آلودگی پھیلا رہے ہیں۔ مگر ہوا کیا۔دوسرے نمبر پر عالمی آلودگی پھیلانے کے ذمے دار امریکا کے صدر ٹرمپ نے اپنی صدارت کی پہلی مدت میں پیرس معاہدے سے علیحدگی اختیار کر لی اور دوسری مدت میں تیل و گیس کمپنیوں کو نئے ذخائر کی تلاش اور استعمال کی کھلی چھوٹ دے دی۔امریکا گذشتہ کی طرح اس برس بھی عالمی ماحولیاتی کانفرنس سے غیر حاضر ہے۔بقول صدر ٹرمپ ماحولیاتی ڈرامہ محض چند سائنسدانوں کی شعبدے بازی ہے۔ پیرس ماحولیاتی معاہدے کے دستخظ کنندگان نے خود کو قانوناً پابند کیا کہ وہ طے کردہ سفارشات پر پورا عمل کرنے کے لیے اپنی اپنی ترجیحات کے مطابق پالیسیاں بنائیں گے اور سب سے زیادہ آلودگی پھیلانے کے ذمے دار ممالک اس آلودگی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی مالیاتی مدد بھی کریں گے۔ تاہم عملی تصویر یہ ہے کہ دو ہزار تئیس سے پچیس تک کے تین برس انسانی تاریخ کے گرم ترین سال قرار پائے۔ماحولیاتی سائنسدان کہتے ہیں کہ دو ہزار تیس تک درجہ حرارت ڈیڑھ فیصد تک نیچے لانے کے ہدف کی ٹرین گذر چکی ہے۔اب موجودہ درجہِ حرارت ہی اور بڑھنے سے روک لیا جائے تو یہ بھی کارنامہ سمجھنا چاہیے۔کیونکہ ہر ایک ڈگری درجہِ حرارت مزید بڑھنے سے جنگلاتی آتشزدگی ، سیلاب اور گرمی کی لہر میں شدت آنا یقینی ہے۔  امید کی کوئی کرن اب بھی ہے تو بس اتنی کہ دو ہزار پندرہ میں کلائمٹ ایکشن ٹریکر کا اندازہ تھا کہ اس صدی کے آخر تک درجہ حرارت مزید تین اعشاریہ چھ سنٹی گریڈ تک اوپر جا سکتا ہے ( اس کا مطلب سیدھا سیدھا یہ ہے کہ انسانی زندگی کی بقا مشکل ہے )۔ تاہم اب قدرتی ذرائع ( سورج ، ہوا ، پانی وغیرہ ) سے توانائی حاصل کرنے کے رفتہ رفتہ بڑھتے رجحان کے سبب امید ہے کہ اس صدی کے آخر تک درجہِ حرارت پہلے اندازے سے ایک فیصد کم یعنی دو اعشاریہ چھ فیصد تک ہی بڑھے گا۔اگر دو ہزار پچاس تک دنیا کوئلے ، تیل اور گیس سے نجات پا کر متبادلات اپنا لے تو شائد چھوٹتی ماحولیاتی ٹرین میں انسان دوبارہ سوار ہونے کے قابل ہو پائے۔ چوٹی کے صرف تین ممالک ( چین ، امریکا ، بھارت ) ہی اپنی سمت بدل لیں تو آلودگی پچاس فیصد تک گھٹ سکتی ہے۔تاہم دس برس قبل چوٹی کے پندرہ ممالک جتنی آلودگی پیدا کر رہے تھے ان میں سے کچھ مزید آلودگی کا سبب بن رہے ہیں اور کئی ممالک میں اس عرصے میں آلودگی کے تناسب میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ مثلاً چین نے سب سے زیادہ صنعتی آلودگی کا سبب بننے کے باوجود گرین ٹیکنالوجی پر گذشتہ برس سب سے زیادہ رقم ( ایک سو بتیس ارب ڈالر ) خرچ کی۔ونڈ اور سولر ٹیکنالوجی سے جڑے نوے فیصد آلات اور برقی گاڑیاں ساختہ چین ہیں۔اس بجٹ میں متاثرہ ممالک میں گرین ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے چالیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری بھی شامل ہیں۔ چین کے مقابلے میں ترقی یافتہ صنعتی ممالک نے ایک سو پینتیس ارب ڈالر کی مجموعی سرمایہ کاری کی ہے۔اس میں ماحولیاتی امداد اور قرضے بھی شامل ہیں۔یعنی جتنی رقم دیگر ترقی یافتہ صنعتی ممالک نے گرین ٹیکنالوجی کے لیے وقف کی۔کم و بیش اتنی ہی رقم صرف چین نے مختص کی ہے۔ پیرس معاہدے کے مطابق چوٹی کے صنعتی ممالک کو پابند کیا گیا کہ وہ ماحولیاتی آلودگی سے سب سے زیادہ متاثر پسماندہ ممالک کو مالی مدد دیں گے۔زیادہ تر مدد امیر ممالک نے اب تک سودی قرضوں کی شکل میں فراہم کی ہے۔چنانچہ پہلے سے مقروض ممالک کا بوجھ کم ہونے کے بجائے اور بڑھ گیا۔البتہ چین نے یہ کام کیا کہ اپنی گرین ٹیکنالوجی کی صنعت کو وافر قرضے اور تجارتی رعائتیں دیں تاکہ پسماندہ ممالک کو یہ ٹیکنالوجی سستے داموں دستیاب ہو سکے۔نتیجہ یہ ہے کہ پسماندہ ممالک اب تک کم ازکم اپنی فضا سے اتنی کاربن ڈائی اکسائیڈ کا بوجھ ہٹانے کے قابل ہو گئے ہیں جتنی کاربن فرانس ایک برس میں پیدا کرتا ہے۔  دنیا گرین ٹیکنالوجی پر دس برس پہلے کے مقابلے میں دوگنی رقم خرچ کر رہی ہے۔پھر بھی اس دہائی میں انڈونیشیا میں آلودگی کا تناسب اڑتالیس فیصد ، بھارت میں چھتیس فیصد ، چین میں چھبیس فیصد ، ایران میں تئیس فیصد ، روس میں نو فیصد، سعودی عرب میں آٹھ فیصد اور دیگر تمام ممالک میں نو فیصد بڑھا ہے۔ جبکہ ان دس برسوں میں جرمنی میں آلودگی کا تناسب اٹھائیس فیصد ، جاپان میں بیس فیصد ، جنوبی کوریا میں نو فیصد ، امریکا میں سات فیصد اور کینیڈا میں چار فیصد کم ہوا ہے۔آلودگی کم ہونے کی ایک بڑی وجہ کوئلے ، تیل اور گیس کے قدرتی متبادلات کا بڑھتا ہوا صنعتی استعمال ہے۔پھر بھی لگتا ہے کہ دنیا کو اپنی بقا سے زیادہ دوسروں کو نیچا دکھا کر سبقت لے جانے میں ماحولیاتی ابتری پسپا کرنے سے زیادہ دلچسپی ہے۔ (وسعت اللہ خان کے دیگر کالم اور مضامین پڑھنے کے لیے bbcurdu.com اورTweeter @WusatUllahKhan.پر کلک کیجیے)

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل