Loading
سماجی ذرائع ابلاغ پر ایک تحریر نے آج کے اس کالم کے لیے تحریک دی۔ تحریر کچھ یوں تھی کہ ایک خاتون یورپ کے کسی شہر میں ایک سپر اسٹور پر گئی۔ باہر ہلکی ہلکی سردی تھی، اسی لیے لوگ جلدی جلدی اسٹور میں داخل ہو رہے تھے۔ خاتون نے داخلی دروازے کے قریب ایک چھوٹے سے بچے کو کھڑے دیکھا، جس کی عمر بمشکل پانچ سال ہوگی۔ اس کے ہاتھوں میں چپس کے کچھ پیکٹ تھے اور گلے میں ایک چھوٹا سا بورڈ لٹک رہا تھا، جس پر درج تھا کہ وہ کس رفاہی ادارے کے لیے یہ کام کر رہا ہے۔
پیکٹ کی قیمت بیس ڈالر درج تھی۔لوگ اس کے پاس سے گزر رہے تھے۔ کچھ جلدی میں تھے، کچھ اپنے فون پر مصروف تھے اور کچھ اسے دیکھ کر بھی نظرانداز کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے تھے، لیکن بچہ ہمت ہارنے کو تیار نہیں تھا۔ بچہ اپنے چھوٹے چھوٹے قدموں سے ہر شخص کے پاس جاتا اور انتہائی مہذب انداز میں پوچھتا کہ’’ کیا وہ چپس کا ایک پیکٹ خریدنا پسند کریں گے؟‘‘ زیادہ تر لوگ انکار کر دیتے، تاہم کچھ لوگ خرید بھی لیتے۔ جس خاتون نے یہ واقعہ بیان کیا، وہ حیران تھی کہ یہ بچہ انکار سننے پر نہ تو روتا ہے، نہ ہی اپنے استاد کے پیچھے چھپتا ہے، جو قریب ہی کھڑے تھے، بلکہ ہر انکار کے بعد ایک نئے عزم اور حوصلے کے ساتھ کسی دوسرے شخص کی طرف بڑھ جاتا ہے۔
وہ خاتون بچے کے پاس گئی، ایک پیکٹ خریدا اور پوچھا کہ’’ اسے مزید کتنے پیکٹ فروخت کرنے ہیں اور وہ کب تک یہاں کھڑا رہے گا؟‘‘ بچے کے جواب نے اسے حیران کر دیا۔ بچے نے کہا کہ’’ جب تک وہ سو مرتبہ ’’نہیں‘‘ نہیں سن لیتا، وہ یہیں موجود رہے گا۔ خاتون نے حیرت سے استاد کی طرف دیکھا تو انھوں نے بتایا کہ ان کا اصل مقصد چپس کے پیکٹ فروخت کرنا نہیں بلکہ بچے کو انکار سننے کی تربیت دینا ہے۔ وہ اسے سکھانا چاہتے ہیں کہ ہر انکار کے بعد اپنے حوصلے کو کیسے مجتمع کرنا ہے اور اگلے شخص سے دوبارہ پوچھنے کی ہمت کیسے برقرار رکھنی ہے۔
ہم سو مرتبہ انکار سننا تو دور کی بات، کیا ہم میں اتنی بھی ہمت ہے کہ ہم اپنے بچوں کو انکار سننے کی تربیت کے لیے بھیج سکیں؟ ہماری تو پوری زندگی کا ایک ہی مقصد ہوتا ہے کہ ہمارے بچوں کو کبھی کسی معاملے میں انکار نہ سننا پڑے۔ بدقسمتی سے آج والدین میں یہ سوچ پروان چڑھ چکی ہے کہ بچوں کو کسی چیز سے محروم رکھنا یا انھیں انکار کرنا ان کی اپنی ذاتی ناکامی ہے۔ حالانکہ اس سوچ کے پیچھے والدین کا اپنا ماضی، ان کی محرومیاں اور وہ تشنہ خواہشات بھی کارفرما ہیں جو وہ اپنی زندگی میں پوری نہیں کر سکے۔ شاید اسی لیے وہ اپنی اولاد کو ہر وہ آسائش فراہم کرنا چاہتے ہیں جس سے وہ خود محروم رہے، اگر حقیقت کی نگاہ سے دیکھا جائے تو ہم نے اپنے بچوں کو ایک حفاظتی بلبلے میں رکھا ہوا ہے اور اسی بلبلے کے اندر ان کی تربیت بھی کر رہے ہیں۔ اب چونکہ یہ بلبلہ انتہائی نازک اور کمزور ہوتا ہے، اس لیے اس کی حفاظت کی تمام تر ذمے داری بھی ہم نے اپنے سر لے رکھی ہے۔
ہم یہ سمجھے بغیر کہ شاید ایسا کر کے ہم اپنے بچوں کے ساتھ بھلائی کے بجائے دشمنی کر رہے ہیں، مسلسل یہی عمل دہرائے جا رہے ہیں۔آج کی کامیاب نسل، جو پچاس اور ساٹھ کی دہائی میں پیدا ہوئی، زندگی کی بے شمار صعوبتوں اور مشکلات کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنے موجودہ مقام تک پہنچی ہے۔ اس سفر میں انھیں ناکامیوں، محرومیوں، انکار اور مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا، لیکن یہی تجربات ان کی شخصیت کو مضبوط بناتے رہے۔ اس ہمت، حوصلے اور مشکل حالات میں خود کو سنبھال کر دوبارہ کھڑے ہونے کی صلاحیت کو انگریزی میں Resilience اور اردو میں استقامت اور ثابت قدمی کہتے ہیں۔ لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ ہم اپنے بچوں پر اس صلاحیت کا سایہ تک نہیں پڑنے دینا چاہتے، حالانکہ یہی ہماری اپنی کامیابی کی ایک اہم کنجی رہی ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ مشکل وقت مضبوط انسان پیدا کرتا ہے، کیونکہ جب حالات سخت ہوتے ہیں تو انسان محنت، جدوجہد اور ہمت سے خود کو مضبوط بناتا ہے۔ یہی مضبوط لوگ اپنی محنت، تجربے اور بصیرت سے معاشرے میں امن، ترقی اور آسانیاں پیدا کرتے ہیں۔
اسی لیے کہا جاتا ہے کہ طاقتور لوگ اچھا وقت پیدا کرتے ہیں۔یہاں تک تو ہم اس مشہور سماجی گردش کو سمجھتے ہیں، لیکن اس کے اگلے حصے کو اکثر بھول جاتے ہیں، حالانکہ وہ زیادہ چشم کشا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ اچھا وقت کمزور لوگ پیدا کرتا ہے، کیونکہ جب کسی نسل کو سب کچھ آسانی سے اور بغیر کسی جدوجہد کے ملنے لگے تو اگلی نسل میں کاہلی اور کمزوری جنم لینے لگتی ہے۔ آگے چل کر یہی کمزوری اور کاہلی معاشرے کو زوال اور دوبارہ مشکل وقت کی طرف دھکیل دیتی ہے۔
ابھی حال ہی میں ہم نے یومِ اقبال منایا ہے۔ علامہ اقبال کی مشہور نظم ’’شاہین‘‘ جو بالِ جبریل میں شامل ہے، اس کا ایک شعر ہے۔
جھپٹنا، پلٹنا، پلٹ کر جھپٹنا
لہو گرم رکھنے کا ہے اک بہانہ
شاید ہم نے اس شعر کو محض ایک بہانہ سمجھ کر اس کے اصل پیغام سے منہ موڑ لیا ہے، حالانکہ حقیقت میں یہی زندگی ہے۔ زندگی کا نام ہی مسلسل جدوجہد، کوشش اور ناکامیوں کے بعد دوبارہ اٹھ کھڑے ہونے کا نام ہے۔سماجی گردش کے اس خیال کو عام طور پر مصنف جی مائیکل ہوپف (G. Michael Hopf) کے ناول سے منسوب کیا جاتا ہے، جبکہ اس کے بنیادی فلسفے کو بعض لوگ ابن ِ خلدون کے نظریات سے بھی جوڑتے ہیں۔ تاہم خیال کسی کا بھی ہو، اس میں ایک ایسی حقیقت ضرور پوشیدہ ہے جس سے انکار ممکن نہیں۔ قدرت کا اصول بھی یہی ہے کہ انسان مشکلات کا سامنا کر کے ہی مضبوط بنتا ہے۔
اس لیے اگلی مرتبہ جب آپ اپنے بچوں کو کوئی آسائش یا راحت فراہم کرنے لگیں تو کم از کم ایک مرتبہ ضرور سوچیے گا کہ کہیں ہم ان کے ساتھ بھلائی کے مغالطے میں دشمنی تو نہیں کر رہے؟ یاد رکھیے کہ بچوں کو جان بوجھ کر مشکلات میں ڈالنا تربیت نہیں، بلکہ انھیں زندگی کی مشکلات کا سامنا کرنے کے قابل بنانا اصل تربیت ہے۔ انھیں جیتنا ہی نہیں بلکہ ہارنا بھی سکھائیے، کامیابی ہی نہیں بلکہ ناکامی کو قبول کرنا بھی سکھائیے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ انھیں گرنے کے بعد دوبارہ اٹھنا سکھائیے۔مجھے امید ہے کہ سیاسی اشرافیہ کو چھوڑ کر ہم سب اس معاملے میں درست فیصلے تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل