Loading
وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ نئے چھوٹے صوبوں کا قیام کسی کی خواہش نہیں بلکہ پاکستان کی ضرورت ہے، ریاست کو بچانے اور چلانے کے لیے نئے صوبوں کا بننا ناگزیر ہو گیا ہے۔ پاکستان کے موجودہ صوبے دنیا کے بیشتر ممالک سے رقبے میں بڑے ہیں، تاہم اختیارات اور وسائل نچلی سطح تک منتقل نہ ہونا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔
الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل آف پاکستان کے سندھ ریجنل آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب دنیا کے 180، سندھ 175، خیبر پختونخوا 162 اور بلوچستان 185 ممالک سے بڑا ہے، جبکہ ایران میں 17، افغانستان میں 37 اور بھارت میں 38 صوبے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سال قابل تقسیم محاصل سے چاروں صوبوں کو 8 ہزار 844 ارب روپے ملے، تاہم یہ وسائل گاؤں اور نچلی سطح تک نہیں پہنچ رہے۔ صوبوں نے اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہیں کیے، یہی بنیادی مسئلہ ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی اور محصولات کا انجن ہے، تاہم شہر کی صلاحیت کا ابھی دس فیصد بھی استعمال نہیں ہو سکا۔ پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کی صلاحیت کراچی میں موجود ہے۔ خاندان بڑھنے پر گھر میں نیا کمرہ بنانے سے گھر تقسیم نہیں ہوتا، اسی طرح نئے صوبوں کے قیام سے ملک تقسیم نہیں ہوگا بلکہ انتظامی معاملات بہتر ہوں گے۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل کا سندھ ریجنل آفس قائم ہونا خوش آئند ہے۔ اب سندھ کے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز، طلبہ اور تعلیمی اداروں کو رجسٹریشن، منظوری اور دیگر معاملات کے لیے اسلام آباد نہیں جانا پڑے گا۔ کونسل کے دفاتر تمام صوبوں میں قائم ہونے چاہئیں تاکہ پیشہ ور افراد کو مقامی سطح پر سہولت فراہم کی جا سکے۔ الائیڈ ہیلتھ سروس کے صدر ڈاکٹر ساجد محمود کے مطابق سندھ کا یہ علاقائی دفتر صبح 9 سے شام 5 بجے تک کام کرے گا، جہاں الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کی رجسٹریشن، تعلیمی اداروں کی منظوری اور شکایات کے ازالے کی سہولت ایک ہی جگہ فراہم کی جائے گی۔
ڈاکٹر ساجد محمود نے بتایا کہ کونسل کے نظام کو ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے جبکہ شکایات کے ازالے کا نیا پورٹل وزارت اور کونسل سے منسلک ہوگا۔ ان کے مطابق کونسل کے بین الاقوامی بورڈ کے تحت نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور آئرلینڈ سے بھی تعاون طے پایا ہے، جس کے ذریعے پاکستانی تربیت یافتہ افرادی قوت کو بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اسلام آباد کے بعد سندھ پہلا صوبہ ہے جہاں کونسل کا علاقائی دفتر قائم کیا گیا ہے۔
نرسنگ کے شعبے کا ذکر کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ماضی میں نرسنگ کونسل میں بدعنوانی اور غیر قانونی منظوریوں کا سلسلہ جاری رہا، جس کے خاتمے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔ نرسنگ کونسل کے قانون میں تبدیلی، نئی کونسل کی تشکیل اور نظام کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے تاکہ کالجز کی منظوری اور نگرانی شفاف بنائی جا سکے۔ کسی ایسے ادارے کو منظوری نہیں ملنی چاہیے جو مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترتا ہو۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز اور نرسز مریضوں کی دیکھ بھال میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، ڈاکٹر مریض کو چند منٹ دیکھتا ہے جبکہ اسپتال میں باقی وقت مریض زیادہ تر نرسز اور دیگر طبی عملے کی نگرانی میں گزارتا ہے۔ اس لیے ان کی معیاری تعلیم اور عملی تربیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ نصاب اور ضابطہ کار جدید عالمی تقاضوں کے مطابق تیار کیے جائیں تاکہ پاکستانی پروفیشنلز دنیا کے کسی بھی ملک میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔
مصطفیٰ کمال نے شہریوں پر زور دیا کہ ہیپاٹائٹس سی کی فوری اسکریننگ کرائیں۔ ان کے مطابق مرض کی تشخیص میں تاخیر جگر کے سرطان کا سبب بن سکتی ہے، حکومت مفت اسکریننگ کٹس اور مثبت آنے والے مریضوں کو تین ماہ کی ادویات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت تشخیص اور علاج سے اس قابل علاج مرض کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل