Saturday, November 14, 2026
 

خلا میں نمودار ہونے والے پُراسرار سِگنل کا معمہ حل

 



خلا میں ہر آٹھ منٹ بعد دھڑکن کی طرح نمودار ہونے والے ایک پراسرار ریڈیو سگنل کا سراغ زمین سے ہزاروں نوری سال دور واقع ایک ستاروں کے نظام تک لگا لیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کی کرٹن یونیورسٹی اور انٹرنیشنل سینٹر فار ریڈیو آسٹرونومی ریسرچ کے ماہرینِ فلکیات نے جمعے کو اعلان کیا کہ ریڈیو لہروں کی مختصر لہریں ستاروں کے ایک غیر معمولی جوڑے سے خارج ہو رہی ہیں۔ اس جوڑے میں ایک سفید بونا ستارہ (وائٹ ڈوارف) شامل ہے، جو ایک فعال ستارے کا مردہ مرکزی حصہ ہوتا ہے۔ یہ ستارہ ہر آٹھ منٹ میں اپنے محور پر ایک چکر مکمل کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ایک جی قسم کا ستارہ موجود ہے جو ہمارے سورج سے مشابہت رکھتا ہے اور اسے عموماً زرد بونا ستارہ کہا جاتا ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ اس نوعیت کے ستاروں کے جوڑے سے ایسے ریڈیو سگنلز دریافت ہوئے ہیں۔ اس سے قبل عموماً اس قسم کے سگنلز چھوٹے اور نسبتاً ٹھنڈے سرخ بونے ستاروں (ریڈ ڈوارف) کے نظاموں میں دیکھے گئے تھے جو کائنات میں پائے جانے والے سب سے چھوٹے اور ٹھنڈے ستاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ اس دریافت کے حوالے سے تحقیق کرنے والے ڈاکٹر سیم میک سوینی نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ان سگنلز کو اتنی وضاحت سے دیکھا جا سکا ہے کہ سفید بونے ستارے کو اپنے ساتھی ستارے کے گرد گردش کرتے ہوئے بھی مشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق اس مشاہدے سے سائنس دانوں کو معلوم ہوا ہے کہ یہ ریڈیو سگنلز سفید بونے ستارے کے قریب کسی مقام سے خارج ہو رہے ہیں یا ممکنہ طور پر خود سفید بونا ستارہ ہی ان سگنلز کا منبع ہے۔ ماہرینِ فلکیات کے مطابق یہ دریافت خلا میں ستاروں کے غیر معمولی نظاموں اور ان سے خارج ہونے والے پراسرار ریڈیو سگنلز کو سمجھنے میں اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل