Saturday, November 14, 2026
 

غزہ میں تباہ کن سیلاب، یورپی یونین کا اسرائیل سے امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کا مطالبہ

 



یورپی یونین نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں شدید بارشوں اور تباہ کن سیلاب سے متاثرہ فلسطینیوں تک انسانی امداد کی فوری اور بلا رکاوٹ رسائی یقینی بنائے، امدادی تنظیموں کو کام کرنے کی اجازت دے اور غزہ کی تمام سرحدی گزرگاہیں دوبارہ کھولے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یورپی یونین نے اپنے ایک بیان میں اسرائیلی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں انسانی امداد کی مسلسل اور بڑے پیمانے پر فراہمی کے ساتھ متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے ضروری سامان اور سہولیات کی ترسیل بھی یقینی بنائے۔ یورپی یونین کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کو امدادی اداروں کے لیے فوری اور غیر مشروط رسائی فراہم کرنی چاہیے تاکہ سیلاب سے متاثرہ شہریوں کو خوراک، پینے کا صاف پانی، ادویات، عارضی رہائش اور دیگر بنیادی ضروریات پہنچائی جاسکیں۔ غزہ کے مختلف علاقوں میں بے گھر فلسطینی خاندانوں کے خیمے بارش کے پانی میں ڈوب گئے ہیں جبکہ متعدد عارضی پناہ گاہوں میں پانی داخل ہونے سے خواتین، بچوں اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بارشوں اور سیلاب کے باعث بے گھر خاندانوں کے پاس موجود محدود سامان بھی متاثر ہوا ہے۔ کئی مقامات پر نکاسی آب کا ناقص نظام، تباہ شدہ بنیادی ڈھانچہ اور پینے کے صاف پانی کی قلت بیماریوں کے پھیلاؤ کے خدشات بڑھا رہی ہے۔ ادھر اسرائیلی ادارے کوآرڈینیٹر آف گورنمنٹ ایکٹیویٹیز ان دی ٹیریٹریز نے گزشتہ ہفتے دعویٰ کیا تھا کہ شدید بارشوں سے قبل غزہ میں صفائی ستھرائی اور صحت کے حالات بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی تنظیموں کے تعاون سے اقدامات تیز کیے گئے تھے۔ دوسری جانب اسرائیل نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے کہ غزہ میں ضروری امدادی سامان کی مناسب مقدار داخل نہیں ہونے دے رہا۔ ایسے الزامات حماس کی ذمہ داری سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل