Saturday, November 14, 2026
 

پنجاب میں اس وقت 80 لاکھ بچیاں اسکول نہیں جا رہی ہیں، حافظ نعیم الرحمان

 



جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے مفت اور معیاری تعلیم ریاست کی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں اس وقت 80 لاکھ بچیاں اسکول نہیں جا رہی ہیں اور صوبے میں 15 ہزار اسکولوں کو آؤٹ سورس کردیا گیا ہے۔ لاہور میں پاک انٹرنیشنل بزنس فورم کے زیر اہتمام ‘ہمارا ہنر، ہماری پہچان’ کے عنوان سے خدیجۃ الکبریٰ نمائش سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کے حوالے سے بہت تحفظات ہیں، اگر معاشرے میں عدل ہو تو خواتین بہت سی پریشانیوں سے بچ سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں اس وقت افرا تفری ہے، لوگوں کو حقوق نہیں مل رہے ہیں، امیر اور غریب میں بہت فرق ہے، مڈل کلاس بھی پس رہا ہے، ان حالات میں اگر خواتین نوکری نہیں کریں گی تو گھر کیسے چلیں گے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت 80 لاکھ بچیاں اسکول نہیں جا رہی ہیں، مریم نواز کا نظام بچیوں کو اسکول نہیں بھیج رہا ہے، مریم نواز عوام کے پیسوں سے خریدے جہاز پر اپنی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے 15 ہزار اسکولوں کو آؤٹ سورس کر دیا ہے، نجی اسکولوں میں بھی تعلیم کا دہرا معیار بنا دیا گیا ہے، اچھی تعلیم کے لیے فیسیں بھی انتہائی زیادہ وصول کی جاتی ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم دینا ریاست کی ذمہ داری ہے، بچیوں کی پیدائش اور تعلیم و تربیت جنت میں جانے کا راستہ ہے، ہمیں پورے نظام کو بدلنے کے لیے کوشش کرنا ہو گی، یہاں سیاسی جماعتوں میں شخصیت پرستی ہو رہی ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر رویے نہیں بدلیں گے تو حالات بھی نہیں بدلیں گے، ہم نے بنوقابل کے نام سے پروگرام شروع کیا جس میں 16 لاکھ طلبہ کی رجسٹریشن ہو چکی ہے اور بنوقابل پروگرام میں 32 فیصد رجسٹریشن خواتین کی ہوتی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل