Loading
اسلام آباد میں 30ویں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کونسل آف منسٹرز کانفرنس آج شروع ہورہی ہے، جس کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور کوریج کے لیے میڈیا سینٹر کا بھی افتتاح کردیا گیا۔
اسلام آباد میں ای سی او کونسل آف منسٹرز 15 اور 16 نومبر کو پاک-چائنہ فرینڈشپ سینٹر میں منعقد ہورہی ہے اور کانفرنس کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں جہاں وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات اشفاق خلیل نے میڈیا سینٹر کا افتتاح کر دیا۔
وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل نے کہا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے اجلاس کی مؤثرکوریج کے لیے میڈیا فیسیلیٹیشن سینٹر میں ملکی اور غیرملکی میڈیا کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی، مرکز میں تیز ترین انٹرنیٹ، خصوصی ڈیسک، جدید ڈیجیٹل اسٹوڈیو اورپوڈ کاسٹ اسٹوڈیو سمیت تمام ضروری سہولیات موجود ہیں۔
اسلام آباد میں پاک-چائنا فرینڈشپ سینٹر میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے اجلاس کے سلسلے میں قائم میڈیا فیسیلیٹیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات احمد خلیل کا کہنا تھا کہ اس سینٹر کے قیام کا مقصد ملکی اور غیر ملکی صحافیوں کو اجلاس کی بروقت اور مؤثر کوریج کے لیے جدید سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی رہنمائی اور ہدایات کے مطابق اس سے قبل شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے موقع پر بھی میڈیا فیسیلیٹیشن سینٹرز قائم کیے گئے تھے، اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس بار بھی ایک مکمل اور جدید ترین میڈیا سینٹر قائم کیا گیا ہے، جہاں ملکی اور غیر ملکی میڈیا کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وفاقی سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ وزارت اطلاعات نے ای سی او اجلاس کی مؤثر کوریج کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں، انتظامیہ نے دن رات محنت کرکے اپنی بہترین کاوشیں عملی طور پر پیش کی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مرکز میں تیز ترین انٹرنیٹ، خصوصی ڈیسک، جدید ڈیجیٹل اسٹوڈیو اور پوڈ کاسٹ اسٹوڈیو کے علاوہ میڈیا بریفنگز کے لیے مخصوص کانفرنس رومز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ای سی او جیسے اہم پلیٹ فارم کے تحت منعقد ہونے والی کانفرنس کامیاب ہو اور میڈیا کے نمائندوں کو ایک ہی چھت تلے تمام ضروری اور بہترین سہولیات میسر آئیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل