Loading
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں مسلح دہشت گردوں نے جدید ہتھیاروں سے لیس ہو کر پولیس چوکی کنگر پل پر اچانک حملہ کیا تاہم چوکی پر تعینات مستعد پولیس اہلکاروں نے انتہائی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کی اور بھرپور مزاحمت کے ذریعے نے حملے کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا، جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پولیس نے بتایا کہ پولیس چوکی پر حملے کی اطلاع ملتے ہی بنوں پولیس لائنز سے کوئیک رسپانس فورس (کیو آر ایف)، ریپڈ رسپانس فورس(آر آر ایف) اور اضافی پولیس نفری فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
بعد ازاں علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 4 ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں اور ان کے قبضے سے چار کلاشنکوفیں، متعدد میگزین، بھاری مقدار میں گولہ بارود، دستی بم اور بندولیئرز بھی برآمد کر لیے گئے۔
پولیس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کا بزدلانہ حملہ ناکام بنانے پر بنوں پولیس کو خصوصی شاباش دی اور کہا کہ بزدل دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، جس سے ہمارے اعلیٰ تربیت یافتہ بیدار سپاہ نے ناکام بنایا جو قابل فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے فیصلہ کن خاتمے کے لیے مؤثر حکمت عملی کے تحت بہترین کارروائیاں کر رہے ہیں اور اس ناسور سے مٹی کو پاک کریں گے۔
آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور عوام اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل