Loading
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں دو ماہ سے جاری طلبہ احتجاج کے پیش نظر پولیس نے 10 ہائی اسکولوں اور 5 جامعات کے اطراف مظاہروں پر پابندی عائد کردی۔
پیرس پولیس کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق پیر سے جمعہ تک مذکورہ تعلیمی اداروں کے 100 میٹر کے دائرے میں بغیر اجازت اجتماعات اور احتجاجی مارچ کی اجازت نہیں ہوگی۔
عرب میڈیا کے مطابق طلبہ نے ستمبر کے وسط میں کلاس رومز کی ناقص سہولیات کے خلاف اسکولوں کے داخلی راستوں کی ناکہ بندی شروع کی تھی جس میں بعد ازاں یونیورسٹی کے طلبہ بھی شامل ہوگئے۔
احتجاج کا دائرہ فرانس کے دیگر علاقوں تک پھیل گیا اور مہنگائی و بڑھتے ہوئے اخراجات کے خلاف مزدور یونینز کے مظاہروں سے بھی جڑ گیا۔
پیرس پولیس چیف پیٹریس فاؤر کے مطابق احتجاج کے دوران اب تک ایک ہزار 548 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ متعدد سرکاری عمارتوں کو نقصان بھی پہنچایا گیا۔
پولیس چیف نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ تعلیمی اداروں کی ناکہ بندی اکثر طلبہ کی ایک چھوٹی سی اقلیت کرتی ہے جس کے باعث دیگر طلبہ تعلیم حاصل کرنے سے محروم رہ جاتے ہیں۔
انہوں نے پابندی کو تعلیمی سرگرمیوں میں مسلسل خلل اور پرتشدد واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری قرار دیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل