Tuesday, November 17, 2026
 

عوام کی طاقت سے مافیاز کو بے نقاب کریں گے اور لگام بھی ڈالیں گے، حافظ نعیم

 



امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ابھرتی ہوئی سیاسی قوت بن کر سامنے آ رہی ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام کی طاقت سے مافیاز کو بے نقاب کریں گے اور لگام بھی ڈالیں گے، ہماری جدوجہد سے عوام کو بجلی اور پیٹرول پر ریلیف ملا، آئی پی پیز کے ساتھ مزید ناجائز معاہدے برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بینک مافیاز کو فائدہ پہنچانے کے لیے معیشت کو تباہ کیا جا رہا ہے، لینڈ، چینی، آٹا، بینک مافیاز ایک دوسرے سے ملے ہوئے ہیں، سیاسی جماعتیں ان مافیاز کے خلاف بات نہیں کرسکتیں کیونکہ سیاسی جماعتوں کے اخراجات یہی مافیاز اور کارٹیل برداشت کرتے ہیں۔ حافظ نعیم نے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ چھوٹے انتظامی یونٹس کے حق میں ہے، آئین کے مطابق مقامی حکومتوں کو اختیارات منتقل کیے جانے چاہئیں، 2015 سے اب تک پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ایک مرتبہ انتخابات ہوئے، اب چھٹی مرتبہ شیڈول معطل کر دیا گیا، بلوچستان اور کے پی میں بھی بلدیاتی انتخابات نہیں ہو رہے، کراچی میں ہمارے دباؤ کے باعث بلدیاتی انتخابات ہوئے، کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث آٹا امپورٹ ہو رہا ہے،  15 نومبر کی ڈیڈ لائن گزر گئی لیکن گنے کی کرشنگ شروع نہیں ہو سکی، پوری زراعت کا نظام نیچے جا رہا ہے، مافیاز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 22 نومبر کو بلوچستان میں پٹرول، بجلی، مہنگائی اور امن و امان کی صورتحال پر جلسہ کریں گے، بلوچستان میں ہمارے عوام اور فوجیوں کی شہادتیں ہو رہی ہیں، حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث بین الاقوامی قوتیں طاقتور ہوتی ہیں، 29 نومبر کو مینار پاکستان پر تاریخی جلسہ کریں گے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل