Thursday, November 19, 2026
 

اسلام آباد ہائی کورٹ کا 15 روز میں نادرا ای بیلٹنگ کا عمل مکمل کرنے کا حکم

 



اسلام آباد ہائیکورٹ نے  عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے پر سی ڈی اے حکام کے خلاف توہین عدالت کیس کا  تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے پندرہ روز میں نادرا ای بیلٹنگ کا عمل مکمل کرنے کا حکم دیا،  تعمیل نہ ہونے پر چیئرمین سی ڈی اے کی ذاتی حیثیت میں طلبی ہوگی۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے شہری محمد شریف کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا، ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے کو 15 روز میں نادرا ای بیلٹنگ اور پالیسی کے تحت بیلٹنگ مکمل کرنے کا حکم دیا، عملدرآمد نہ ہونے پر چیئرمین سی ڈی اے کو ذاتی پیشی پر وضاحت دینا ہوگی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ سی ڈی اے وکیل کا 29 جنوری 2026 کو ایک ماہ میں درخواستوں پر غور اور نادرا ای بیلٹنگ میں شامل کرنے کا بیان دیا گیا تھا، 29 جنوری 2026 کے بیان پر توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی گئی تھی، سی ڈی اے کے وکیل کے مطابق معاملے کے بعض پہلوؤں کی وضاحت درکار ہے اور اتھارٹی مزید مواد عدالت میں پیش کرے گی۔ حکم نامے میں کہا کہ درخواست گزاروں کے وکیل نے ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ اینڈ ری ہیبلیٹیشن سی ڈی اے کا 26 جنوری 2026 کا خط عدالت میں پیش کیا، ​خط کے مطابق ممبر اسٹیٹ اور ڈپٹی کمشنر سی ڈی اے کی منظوری سے ایک ماہ میں نادرا بیلٹنگ سے پلاٹ الاٹمنٹ کا فیصلہ ہوا تھا، مجاز اتھارٹی کی منظوری کے باعث سی ڈی اے اپنے فیصلے پر عمل کی پابند ہے۔ سی ڈی اے وکیل کاشف ملک جبکہ درخواست گزار وکیل  حسنین حیدر تھہیم نے کیس کی پیروی کی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل