Friday, November 20, 2026
 

خیبرپختونخوا؛ 12 اضلاع میں محکمہ صحت کے 1623 اہلکاروں کی غیرحاضری کا انکشاف

 



خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں محکمہ صحت کے ایک ہزار 623 اہلکاروں کی غیر مجاز غیرحاضری کا انکشاف ہوا ہے اور فہرست بھی جاری کردی گئی ہے۔ ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے ڈیوٹی سے غائب رہنے والے محکمہ صحت کے اہلکاروں کی فہرست جاری کردی گئی ہے، جس کے مطابق لکی مروت 558 غیر حاضر اہلکاروں کے ساتھ صوبے بھر میں پہلے نمبر پر ہے۔ فہرست کے مطابق ضلع مہمند میں محکمہ صحت کے 210، بنوں میں 208 اہلکار ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے، ڈی آئی خان میں 120، شمالی وزیرستان میں 101، خیبر میں 95، جنوبی وزیرستان اپر میں 89، ٹانک میں 77 اور کرم لوئر اور سینٹرل میں 68 اہلکار غیرحاضر ہیں۔ اسی طرح اورکزئی میں 43، کرم اپر میں 32، جنوبی وزیرستان لوئر میں 18 اور باجوڑ میں 4 اہلکار غیرحاضر ہیں جبکہ صحت جیسے اہم شعبے میں اہلکاروں کی بڑی تعداد کی غیر حاضری پر حکام نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔ ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ نے متعلقہ ڈی ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ فہرست میں شامل تمام اہلکاروں سے تین روز کے اندر تحریری وضاحت حاصل کی جائے اور غیر حاضری کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے اور بار بار ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے اہلکاروں کے خلاف متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جائے۔ مراسلے میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ ہر کیس میں کی جانے والی کارروائی اور اس حوالے سے تفصیلی تعمیلی رپورٹ مقررہ مدت کے اندر سیکریٹریٹ کو ارسال کی جائے تاکہ مزید ضروری اقدامات کیے جاسکیں۔ مزید بتایا گیا کہ صحت جیسے اہم شعبے میں اتنی بڑی تعداد میں اہلکاروں کی غیرحاضری نے سرکاری اسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں عملے کی دستیابی سے متعلق اہم سوالات کھڑے کردیے ہیں جبکہ اب متعلقہ حکام کی جانب سے وضاحتوں اور ممکنہ محکمانہ کارروائی کے بعد ہی غیر حاضری کے اس معاملے کی مزیدتفصیلات سامنے آسکیں گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل