Friday, November 20, 2026
 

عالمی طاقتوں کا نیا امن معاہدہ

 



عالمی سیاست کے افق پر بعض لمحات ایسے نمودار ہوتے ہیں جن کی اہمیت محض ایک سفارتی ملاقات، مشترکہ اعلامیے یا چند خوش کن جملوں تک محدود نہیں رہتی بلکہ وہ آنے والے زمانوں کی سمت متعین کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ واشنگٹن، ماسکو اور بیجنگ کی قیادت کا ایک میز پر جمع ہونا اور جوہری جنگ کے ناقابلِ تصور نتائج کا اعتراف کرتے ہوئے اس کے خلاف مشترکہ عزم کا اظہار کرنا بھی ایسا ہی غیر معمولی واقعہ ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ، صدر ولادیمیر پوتن اور صدر شی جن پنگ کے تاریخی سہ فریقی اجلاس نے اس حقیقت کو ایک مرتبہ پھر نمایاں کیا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی عسکری، معاشی اور جوہری قوتیں اگر اپنے باہمی اختلافات کو مذاکرات کے تابع کرنے پر آمادہ ہوجائیں تو عالمی امن کے امکانات کو نئی زندگی مل سکتی ہے۔ تاہم اس پیش رفت کا حقیقی امتحان اعلامیے کے الفاظ نہیں بلکہ ان کے عملی نتائج ہوں گے، کیونکہ تاریخ گواہ ہے کہ بڑی طاقتوں کے درمیان معاہدے جتنی امیدیں پیدا کرتے ہیں، ان سے انحراف اتنی ہی بڑی عالمی آزمائشوں کو جنم دیتا ہے۔  تقریباً ڈیڑھ گھنٹے پر محیط اس ملاقات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں تینوں رہنماؤں نے اس اصول کی توثیق کی کہ جوہری جنگ کبھی نہیں لڑی جانی چاہیے اور جوہری پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے مذاکرات کا سلسلہ جاری رہنا ضروری ہے۔ بظاہر یہ ایک ایسا اصول ہے جس سے اختلاف کی گنجائش نہیں، لیکن اس کی معنویت اس لیے غیر معمولی ہے کہ موجودہ عالمی ماحول میں جوہری صلاحیت رکھنے والی ریاستوں کے درمیان بداعتمادی، عسکری مسابقت اور تزویراتی کشیدگی خطرناک سطح تک پہنچ چکی ہے۔ یوکرین کی جنگ، مشرقِ وسطیٰ کی غیر یقینی صورت حال، ایشیا بحرالکاہل میں بڑھتی ہوئی دفاعی صف بندی اور مختلف خطوں میں طاقت کے حصول کی کشمکش نے عالمی سلامتی کو مسلسل دباؤ میں رکھا ہوا ہے۔ ایسے حالات میں تین بڑی جوہری قوتوں کا مشترکہ طور پر جنگ کی نفی کرنا سفارت کاری کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ اس اجلاس کی اصل اہمیت اس حقیقت میں پوشیدہ ہے کہ امریکا، روس اور چین محض تین خودمختار ریاستیں نہیں بلکہ موجودہ عالمی نظام کی تشکیل اور اس کے مستقبل پر فیصلہ کن اثرات رکھنے والے مراکز ہیں۔ امریکا کی مالیاتی، عسکری اور ٹیکنالوجی کی برتری، چین کی صنعتی قوت اور معاشی وسعت، جبکہ روس کی جوہری صلاحیت اور جغرافیائی و تزویراتی اہمیت، ان تینوں کو عالمی معاملات میں غیر معمولی مقام عطا کرتی ہے۔ ان کے مابین اختلافات کسی ایک خطے تک محدود نہیں رہتے بلکہ ان کے اثرات عالمی منڈیوں، توانائی کی رسد، دفاعی اخراجات، تجارتی راستوں اور چھوٹی ریاستوں کی خارجہ پالیسیوں تک پہنچتے ہیں۔ لہٰذا ان قوتوں کے درمیان براہِ راست مکالمہ عالمی کشیدگی میں کمی کا ذریعہ بن سکتا ہے، بشرطیکہ یہ رابطہ کسی وقتی سیاسی ضرورت کے بجائے مستقل سفارتی حکمت عملی کی صورت اختیار کرے۔ صدر ٹرمپ کا یہ کہنا کہ مذاکرات کے بغیر دنیا میں امن ممکن نہیں، ایک بنیادی حقیقت کی یاد دہانی ہے۔ بین الاقوامی تعلقات میں طاقت کی اہمیت اپنی جگہ مسلم ہے، لیکن طاقت کا پائیدار استعمال اسی وقت ممکن ہوتا ہے جب اسے سیاسی بصیرت اور سفارتی تدبر کی رہنمائی حاصل ہو۔ محض عسکری برتری کسی ریاست کو مستقل سلامتی فراہم نہیں کرسکتی۔ تاریخ میں ایسی متعدد مثالیں موجود ہیں جب غیر معمولی فوجی قوت رکھنے والی ریاستیں سیاسی غلطیوں، غیر ضروری جنگوں اور سفارتی تنہائی کے باعث اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔ جوہری ہتھیاروں کے دور میں یہ حقیقت کہیں زیادہ سنگین ہوچکی ہے، کیونکہ روایتی جنگ میں شکست یا کامیابی کا تصور موجود رہتا ہے، لیکن جوہری تصادم میں فاتح اور مفتوح کی تمیز بھی انسانی تباہی کے ملبے تلے دب سکتی ہے۔  صدر پوتن کی جانب سے یوکرین اور یورپی یونین پر سمجھوتے کے لیے آمادہ نہ ہونے کا الزام اس اجلاس کے سامنے موجود ایک اہم پیچیدگی کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ یوکرین کا تنازع محض روس اور یوکرین کے درمیان سرحدی یا علاقائی اختلاف نہیں رہا بلکہ اس نے یورپی سلامتی کے پورے ڈھانچے، نیٹو کی حکمت عملی، امریکی اثرورسوخ اور روس کے علاقائی تحفظات کو ایک دوسرے کے مقابل لاکھڑا کیا ہے۔ اس بحران کے حل کے لیے کسی ایک فریق کے مؤقف کو مکمل طور پر قبول کرنا کافی نہیں ہوگا۔ پائیدار تصفیے کی بنیاد خودمختاری، سلامتی کے جائز خدشات اور بین الاقوامی قانون کے احترام پر استوار ہونی چاہیے۔ اگر سہ فریقی رابطے کے نتیجے میں واشنگٹن اور ماسکو کے درمیان اعتماد سازی کا کوئی مؤثر راستہ نکلتا ہے تو اس سے یورپ میں جنگ کے خاتمے اور عالمی معیشت پر پڑنے والے دباؤ میں کمی کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔ تاہم یوکرین اور یورپی ممالک کو نظرانداز کرکے ان کے مستقبل سے متعلق فیصلے کرنا بھی کسی پائیدار امن کی ضمانت نہیں بن سکتا۔چینی صدر شی جن پنگ کا عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تینوں ممالک کے مشترکہ کردار پر زور دینا اس اجلاس کے وسیع تر تناظر کو واضح کرتا ہے۔ چین ایک ایسے عالمی نظام کا خواہاں ہے جس میں معاشی تعاون، تجارتی روابط اور کثیرالجہتی سفارت کاری کو زیادہ اہمیت حاصل ہو۔ دوسری طرف امریکا اور چین کے درمیان تجارتی مسابقت، جدید ٹیکنالوجی پر کنٹرول، تائیوان اور بحرالکاہل کے خطے میں اثرورسوخ کے معاملات بدستور اختلافات کا سبب ہیں۔ ان تنازعات کے باوجود مشترکہ مفادات کی بنیاد پر تعاون کی گنجائش پیدا کرنا عالمی سیاست کی بالغ نظری ہوگی۔ اگر یہ تینوں ریاستیں اقتصادی مقابلے کو عسکری تصادم میں تبدیل ہونے سے روکنے میں کامیاب ہوجاتی ہیں تو اس کے اثرات پوری دنیا میں محسوس کیے جائیں گے۔توانائی کے تحفظ اور ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار و رسد بڑھانے پر اتفاق اس اجلاس کا ایک ایسا پہلو ہے جس کے اثرات براہِ راست عالمی معیشت اور عام صارفین تک پہنچ سکتے ہیں۔ توانائی محض صنعتی ترقی کا وسیلہ نہیں بلکہ قومی سلامتی، غذائی تحفظ، نقل و حمل اور معاشی استحکام کی بنیاد بھی ہے۔ تیل اور گیس کی عالمی منڈی میں غیر یقینی صورت حال، جغرافیائی تنازعات اور رسد کے راستوں میں رکاوٹیں ترقی پذیر معیشتوں کو شدید متاثر کرتی ہیں۔ پاکستان جیسے درآمدی توانائی پر انحصار کرنیوالے ممالک کے لیے عالمی قیمتوں میں معمولی اضافہ بھی زرمبادلہ کے ذخائر، تجارتی خسارے، بجلی کے نرخوں اور مہنگائی پر دباؤ بڑھا دیتا ہے۔ اگر تین بڑی قوتیں توانائی کی پیداوار، ریفائننگ اور ترسیل میں تعاون کو عملی شکل دیتی ہیں تو عالمی رسد میں استحکام پیدا ہوسکتا ہے۔ تاہم اس تعاون کو منصفانہ تجارت، شفاف قیمتوں اور ترقی پذیر ممالک کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا بھی ضروری ہوگا۔پاکستان کے لیے اس نئی سفارتی پیش رفت میں امکانات کے کئی در وا ہوتے ہیں۔ اسلام آباد کے واشنگٹن، بیجنگ اور ماسکو تینوں کے ساتھ تعلقات اپنی الگ نوعیت اور تاریخی پس منظر رکھتے ہیں۔ چین پاکستان کا دیرینہ تزویراتی اور معاشی شراکت دار ہے، امریکا کے ساتھ تجارتی، دفاعی اور سفارتی روابط کی اپنی اہمیت ہے، جبکہ روس کے ساتھ توانائی، علاقائی سلامتی اور معاشی تعاون کے امکانات موجود ہیں۔ پاکستان کے جغرافیائی محل وقوع، بحیرہ عرب تک رسائی، چین کے ساتھ اقتصادی راہداری، وسطی ایشیا سے ممکنہ تجارتی روابط اور خطے میں سفارتی کردار کو دیکھتے ہوئے توانائی اور علاقائی تجارت کے نئے امکانات سے فایدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے محض سفارتی بیانات کافی نہیں ہوں گے بلکہ داخلی معاشی اصلاحات، صنعتی استعداد میں اضافہ، توانائی کے متبادل ذرائع، پالیسیوں کا تسلسل اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی ضروری ہے۔ عالمی طاقتوں کے درمیان بہتر تعلقات پاکستان کے لیے مواقع پیدا کرسکتے ہیں، لیکن ان مواقع کو قومی ترقی میں تبدیل کرنے کی ذمے داری بہرحال ہماری اپنی قیادت اور اداروں پر عائد ہوتی ہے۔اس سہ فریقی اجلاس کے پس منظر میں ایک بنیادی سوال یہ بھی ہے کہ کیا دنیا واقعی طاقت کے تصادم سے تعاون کے دور میں داخل ہونے کے لیے تیار ہے؟ اس کا جواب محض ایک اعلامیے سے نہیں مل سکتا۔ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدوں کی پاسداری، عسکری اخراجات میں ذمے دارانہ توازن، علاقائی تنازعات کے سیاسی حل اور عالمی اداروں کی غیر جانب دارانہ فعالیت ہی اس عزم کو معتبر بناسکتی ہے۔ تینوں سربراہان کو اپنے اپنے اتحادیوں، حریفوں اور عالمی برادری کے سامنے یہ ثابت کرنا ہوگا کہ امن کا تصور ان کی سفارتی حکمت عملی کا مستقل حصہ ہے، نہ کہ کسی وقتی سیاسی ضرورت کا اظہار۔ دنیا کو اس وقت کسی نئی عالمی بالادستی کے بجائے ایسے متوازن نظام کی ضرورت ہے جس میں اختلاف کو جنگ کا جواز نہ بنایا جائے، طاقت کو قانون سے بالاتر نہ سمجھا جائے اور چھوٹی ریاستوں کی خودمختاری کو بڑی قوتوں کے مفادات کی نذر نہ کیا جائے۔ واشنگٹن، ماسکو اور بیجنگ کے درمیان ہونیوالی یہ ملاقات اسی سمت میں ایک ممکنہ پیش رفت ہے۔ اگر تینوں ممالک اپنے مشترکہ اعلامیے کو عملی اقدامات، مسلسل مکالمے اور باہمی اعتماد میں ڈھالنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو یہ اجلاس تاریخ میں محض ایک سفارتی تصویر کے طور پر نہیں بلکہ عالمی امن کی تشکیل میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت سے یاد رکھا جائے گا۔ بصورتِ دیگر یہ بھی عالمی سیاست کے ان متعدد اعلانات میں شامل ہوجائے گا جن کے الفاظ تو تاریخ میں محفوظ رہتے ہیں، مگر ان کے وعدے عملی دنیا میں کہیں گم ہوجاتے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل