Loading
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہر بچے کو معیاری تعلیم اور یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، غربت، فاصلے یا سہولیات کی کمی کے باعث کسی بچے کو تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔
این جے وی اسکول کراچی میں عالمی یومِ اطفال کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بچے صرف قوم کا مستقبل نہیں بلکہ آج ہماری سب سے اہم ذمہ داری ہیں، ہر بچے کو خاندانی پس منظر اور مالی حالات سے بالاتر ہوکر معیاری تعلیم ملنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ این جے وی اسکول سرکاری اور نجی شراکت داری کے تحت تعلیمی ترقی کی بہترین مثال ہے، حکومتی تعاون، پیشہ ورانہ انتظام اور عوامی شمولیت سے سرکاری تعلیمی نظام کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ میہڑ، تھرپارکر، بدین اور ٹنڈو محمد خان سمیت پسماندہ علاقوں میں بھی تعلیمی مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔ تھرپارکر کے دور دراز گوٹھوں کے بچوں کو بھی کراچی کے بچوں جیسی معیاری تعلیم ملنی چاہیے کیونکہ صلاحیت ہر جگہ موجود ہوتی ہے اور بچوں کو صرف اسے دکھانے کا موقع درکار ہوتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان تعلیمی فرق ختم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہے، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی دور دراز علاقوں کے بچوں تک تعلیم پہنچانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کا مقصد صرف بچوں کو اسکولوں میں داخل کروانا نہیں بلکہ انہیں زندگی کے چیلنجز کے لیے تیار کرنا بھی ہے۔ طلبہ میں تنقیدی سوچ، تخلیقی صلاحیت اور عملی مہارتیں پیدا کرنا ضروری ہے، جبکہ ڈیجیٹل لرننگ، کھیل، فنون لطیفہ اور ہنرمندی ان کی ہمہ جہت ترقی کے لیے اہم ہیں۔
وزیراعلیٰ نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ مطالعہ کریں، نئی چیزیں دریافت کریں اور سوالات پوچھنے سے نہ گھبرائیں، اپنے اساتذہ اور والدین کا احترام کریں اور ایک دوسرے کی مدد کریں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ طلبہ اپنے مقاصد کے حصول کے لیے محنت اور لگن کو شعار بنائیں، کامیابی صرف اپنی ذات کے لیے کچھ حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ بھی اہم ہے کہ انسان اپنے خاندان، معاشرے اور ملک کے لیے کیا کردار ادا کرتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے این جے وی اسکول کی تاریخی عمارت میں تعلیمی سہولیات اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور تاریخی اولڈ سندھ اسمبلی ہال کا افتتاح کردیا۔
اس موقع پر انہوں نے اسمبلی ہال کو میوزیم میں تبدیل کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی مقام پر سندھ کی سیاسی، تعلیمی اور جمہوری تاریخ محفوظ کی جانی چاہیے تاکہ طلبہ اور آنے والی نسلیں سندھ کے جمہوری سفر سے آگاہ ہوسکیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق 1947ء میں پاکستان کے قیام کے بعد سندھ اسمبلی قومی اسمبلی میں تبدیل ہوگئی تھی، این جے وی اسکول میں سندھ اسمبلی کا پرانا ہال ہے جہاں پارلیمانی کارروائی ہوا کرتی تھی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل