Saturday, November 21, 2026
 

میکسیکو میں منشیات کا بدنام زمانہ سرغنہ ایل چاپو ایسیڈرو گرفتار، آپریشن کے بعد شدید جھڑپیں

 



میکسیکو کی سیکیورٹی فورسز نے امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کو مطلوب منشیات کے بڑے مبینہ اسمگلر فاؤستو ایسیڈرو میزا فلورس المعروف ایل چاپو ایسیڈرو کو ایک بڑی کارروائی کے دوران گرفتار کرلیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کارروائی ریاست سینالووا کے شہر گواساوے میں کی گئی جس میں میکسیکو کی فوج اور نیشنل گارڈ کے خصوصی دستوں نے حصہ لیا جبکہ امریکی انٹیلی جنس اداروں کی معلومات سے بھی مدد حاصل کی گئی۔ میکسیکو کی وزارتِ دفاع کے مطابق کارروائی کے دوران ایل چاپو ایسیڈرو کے ساتھ اس کے دو مبینہ ساتھیوں کو بھی حراست میں لیا گیا جن میں تنظیم کا نائب سربراہ اور مالی معاملات دیکھنے والا ایک اہم کارندہ شامل ہے۔ گرفتاری کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور مسلح افراد کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ اور دھماکا خیز مواد کے استعمال کی اطلاعات سامنے آئیں۔ متعدد مقامات پر سڑکیں بند کردی گئیں اور گاڑیوں کو نذر آتش کیا گیا۔ فائرنگ کے باعث ایک بیس بال میچ بھی روکنا پڑا جہاں خوفزدہ تماشائی اور کھلاڑی جان بچانے کے لیے میدان سے باہر نکل گئے۔ علاقے میں فوجی ہیلی کاپٹروں کی پروازیں بھی دیکھی گئیں۔ ایل چاپو ایسیڈرو کو ایف بی آئی کے انتہائی مطلوب 10 ملزمان میں شامل کیا گیا تھا۔ امریکی حکام نے اس کی گرفتاری یا سزا تک پہنچانے والی معلومات پر 50 لاکھ ڈالر انعام مقرر کر رکھا تھا۔ اس پر امریکا میں کوکین، ہیروئن، میتھ ایمفیٹامین اور دیگر منشیات کی اسمگلنگ کے سنگین الزامات ہیں۔ میکسیکن حکام کے مطابق اس کے خلاف امریکا حوالگی کی کارروائی سے متعلق قانونی حکم بھی موجود ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل