Saturday, November 21, 2026
 

معاشی ترقی کے اشارے

 



پاکستان کو کثیرالجہتی چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان چیلنجز میں دہشت گردی اور معیشت کی راہ میں حائل مختلف قسم کی رکاوٹیں سرفہرست ہیں۔ دہشت گردی کے حوالے سے دیکھا جائے تو پاکستان کی دہائیوں سے اس کا مقابلہ کرتا چلا آ رہا ہے۔ افغانستان کی سرزمین کھلم کھلا پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔ افغانستان میں دہشت گردوں کے مختلف گروہ آزادانہ طور پر کام کر رہے ہیں جبکہ افغانستان کی طالبان حکومت ان کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے تیار نہیں۔ بھارت بھی طالبان کا ساتھ دے رہا ہے اور یہ دونوں مل کر پاکستان میں دہشت گردی کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر ہیں۔ اگلے روز آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران انھیں موجودہ سکیورٹی صورتحال، انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری آپریشنز، اور دہشت گردی کے خلاف مسلسل کوششوں سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے اور علاقے میں دیرپا امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں سے گفتگو بھی کی اور ان کی اعلیٰ ترین تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور مادرِ وطن کے دفاع و سلامتی کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے دہشت گردی کے ناسور کو فیصلہ کن طور پر جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گی، خیبرپختونخوا میں بڑی قربانیوں سے حاصل کیے گئے امن و استحکام کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔ انھوں نے خیبر پختونخوا کی بہادر پولیس فورس کی تعریف کرتے ہوئے کے پی پولیس کو ایک بہادر اور ’’فرنٹ لائن فورس‘‘ قرار دیتے ہوئے دہشت گردی اور ’فتنہ الخوارج‘ کے خلاف ان کی استقامت اور قربانیوں پر فخر کا اظہارکیا۔ انھوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے دہشت گردی کی لعنت کو فیصلہ کن انداز میں ختم کرنے اور خیبر پختونخوا میں بڑی مشکل سے حاصل کیے گئے امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی فورسز کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ پاک فوج کے سربراہ کا دورہ میران شاہ اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ پاک فوج کے جوانوں نے اور پولیس نے دہشت گردوں کا بڑی جرأت کے ساتھ مقابلہ کیا ہے۔ کئی کارروائیوں میں بیسیوں دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا ہے۔ اگلے روز بھی خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کے تھانہ براگی کی حدود میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کے لیے تیار بارودی مواد سے بھری گاڑی برآمد کرلی گئی جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک مبینہ خودکش حملہ آور ہلاک ہو گیا۔ ہلاک خودکش حملہ آور کے افغان شہری ہونے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ خیبرپختونخوا کے آئی جی پولیس ذوالفقار حمید نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنانے پر لکی مروت پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ۔ ادھر کوہاٹ ریجن میں سی ٹی ڈی اور ڈسٹرکٹ پولیس کی مشترکہ کارروائی، فائرنگ کے تبادلے میں3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ بازید خیل روڈ پر ایک دہشت گرد تنظیم کے مسلح دہشت گردوں نے ناکہ بندی کر رکھی ہے ، پولیس اور سی ٹی ڈی کی ٹیمیں مطلوبہ مقام پر پہنچیں تو وہاں دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی،فائرنگ کے تبادلے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ دیگر فرار ہوگئے۔ مارے جانے والوں میں ایک دہشت گردکوہاٹ پولیس لائنز خودکش حملے کا ماسٹر مائنڈ ہے اور وہ بلی ٹنگ بینک ڈکیتی میں بھی مطلوب تھا۔ ایک اور واقعہ یوں ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں نے خواتین کا روپ دھار کر فرار ہونے کی کوشش کی جسے سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق رکشہ میں خواتین کے برقعوں میں فرار ہونے والے متعدد خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ دہشت گرد کس قدر بزدل اور مکار ہیں کہ وہ خواتین کا لباس اور روایتی برقعہ اوڑھ کر وارداتیں بھی کرتے ہیں اور سکیورٹی اداروں سے بچنے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔ خوارج کی جانب سے دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے مساجد اور شہری آبادی میں چھپنے اور وہاں بارودی مواد رکھنے کے شواہد بھی سامنے آ چکے ہیں۔ مساجد جیسے مقدس مقامات کو دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جانا اور خواتین کی حرمت کا استحصال ثابت کرتا ہے کہ ان دہشت گردوں کا اسلام اور انسانیت سے کوئی واسطہ نہیں۔ مکروہ مقاصد کے لیے معصوم بچوں اور خواتین کو بھی انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ یوں بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور خیبرپختونخوا کی پولیس کس قدر مشکل حالات میں دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہے اور انھیں کیفرکردار تک پہنچا رہی ہے۔  دوسری جانب اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا کہ پاکستان اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک دہشت گردی کا خاتمہ نہیں کر دیا جاتا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مالیاتی پوزیشن بہتر بنانے اور معیشت کے استحکام کے لیے خاصی کوششیں کر رہی ہے۔ اس حوالے سے دوست ممالک پاکستان کے ساتھ خاصا تعاون بھی کر رہے ہیں۔ ایک خبر میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ نے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش، اہم معدنی ذخائر کی ترقی اور توانائی کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے تعاون کے معاہدوں پر دستخط کردیے ہیں۔ ترکیہ کا جدید سیسمک تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس کراچی پہنچ گیا ہے جو پاکستانی سمندری حدود میں تقریبا 670 مربع کلومیٹر کے علاقے کا سروے کرکے زیرِ سمندر تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی نشاندہی میں مدد دے گا۔  جمعہ کو کراچی میں اس حوالے سے ایک تقریب بھی ہوئی جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، گورنر سندھ نہال ہاشمی، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، ترکیہ کے وزیر توانائی الپر سلان بیر کتار اور دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بائراکتر اور ترک وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا، اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے برادر ملک ترکیہ کے ساتھ تاریخی تعلقات دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد، اخوت اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔  ترک تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس کی پاکستان آمد اور آف شور تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے میں بھرپور تعاون پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے مشکور ہیں، ترکیہ کے تجربے اور تکنیکی مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔ ترک وزیر توانائی الپ ارسلان بائراکتر نے کہا کہ ترک تحقیقی جہاز ’اورچ رئیس‘ سندھ اور مکران کے سمندری علاقوں میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کے لیے تقریباً دو ماہ تک تھری ڈی سیسمک سروے کرے گا۔ کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ترک سیسمک ریسرچ سروے جہاز ’’اوروچ رئیس ‘‘کی آمد کو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دوستی کی بنیاد پر سائنسی تحقیق اور تزویراتی تعاون کے نئے باب کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس ایک طویل ساحلی پٹی موجود ہے جو غیرمعمولی اقتصادی اور تزویراتی اہمیت کی حامل ہے اور توانائی و تجارت کے اہم بین الاقوامی راستوں سے منسلک ہے، تزویراتی اہمیت کے حامل منصوبے ادارہ جاتی عدم رابطے یا غیر ضروری تاخیر کا شکار نہیں ہوں گے۔  انھوں نے کہا کہ تاریخی بندرگاہ پر ہم پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دوستی کی بنیاد پر سائنسی تحقیق اور تزویراتی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز کر رہے ہیں۔ ہم ترکیہ کے ساتھ توانائی کے شعبے میں ایک طویل المدتی شراکت داری کے خواہاں ہیں، ہماری خواہش ہے کہ پاکستانی ماہرینِ ارضیات اور انجینئرز اپنے ترک ہم منصبوں کے ساتھ قریبی تعاون کریں۔ سمندر میں تمام سرگرمیوں کے دوران بحری سلامتی اور ماحولیاتی تحفظ کے اعلیٰ ترین معیاروں کی پابندی لازمی ہوگی۔ دعا ہے کہ یہ مشن ہماری سائنسی معلومات میں اضافہ کرے اور قومی صلاحیتوں کو مضبوط بنائے اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون کے نئے راستے کھولے۔ اس تقریب سے ترکیہ کے وزیر توانائی الپر سلان بیرکتار نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ کے توانائی شعبے میں تعلقات نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں، یہ تعاون دونوں ممالک کے مستقبل کو نئی سمت دے گا۔ پاکستان کو جہاں مختلف قسم کے چیلنجز کا سامنا ہے، وہیں پاکستان کا محل وقوع اور یہاں موجود قدرتی وسائل اتنے زیادہ ہیں کہ اگر درست سمت میں چلا جائے تو چند برسوں میں پاکستان ایشیا کے ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو سکتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل