Loading
اسرائیلی سیکیورٹی حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایران کسی ممکنہ امریکی اور اسرائیلی مشترکہ فوجی کارروائی سے پہلے ہی اسرائیل پر اچانک حملہ کر سکتا ہے۔
اسرائیلی خبر رساں ویب سائٹ یینیٹ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی دفاعی حلقوں میں اس امکان کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ تہران کسی ممکنہ جنگ کو ناگزیر سمجھتے ہوئے پہل کرتے ہوئے اسرائیل کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زیرِ غور منظرنامہ ایران کی جانب سے جوابی کارروائی کے بجائے پیشگی حملے کا ہے جس کا مقصد اسرائیل کو اچانک حملے سے حیران کرنا ہو سکتا ہے۔
اسرائیلی سیکیورٹی حکام کے مطابق ایران ماضی میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے دوران دو مرتبہ غیر متوقع صورت حال کا سامنا کر چکا ہے، جس کے بعد تہران اس مرتبہ پہل کرنے کے امکان پر غور کر سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل کو خدشہ ہے کہ اگر ایرانی قیادت اس نتیجے پر پہنچ گئی کہ امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ فوجی کارروائی کا فیصلہ ہو چکا ہے تو وہ انتظار کرنے کے بجائے پہلے حملہ کرنے کا راستہ اختیار کر سکتی ہے۔
دوسری جانب ایران کے خلاف ممکنہ نئی فوجی کارروائی کے حوالے سے امریکہ اور اسرائیل کے درمیان رابطے بھی جاری ہیں۔ اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک ممکنہ کشیدگی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ فوجی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
تاہم تاحال ایران کی جانب سے کسی نئے حملے کے فوری منصوبے کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی اور نہ ہی امریکہ نے ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کا حتمی اعلان کیا ہے۔
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اسرائیلی دفاعی ادارے مختلف ممکنہ صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ کسی بھی نئے فوجی تصادم کے خدشات بدستور برقرار ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل