Sunday, November 22, 2026
 

آڈٹ اور کارپوریٹ رپورٹنگ نظام میں خامیوں کی تحقیقات کا حکم

 



وفاقی ٹیکس محتسب ظفر حجازی نے آڈٹ اور کارپوریٹ مالیاتی رپورٹنگ نظام میں خامیوں کا نوٹس لیتے ہوئے جامع تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔ یہ اقدام ایک نظرثانی درخواست کی کارروائی کے دوران سامنے آنے والی معلومات کے بعد اٹھایا گیا جس سے انکشاف ہوا کہ ٹیکس حکام کو مبینہ طور پر ایک ہی کمپنی اور ایک ہی ٹیکس سال کے حوالے سے آڈٹ شدہ مالیاتی گوشواروں کے تین مختلف مجموعے موصول ہوئے تھے۔ ان گوشواروں میں ظاہر کردہ منافع، بینک بیلنس اور ذخائر میں فرق نے مالیاتی رپورٹنگ کی شفافیت، آڈٹ رپورٹس کی تصدیق اور موجودہ ریگولیٹری و پیشہ وارانہ نگرانی کے نظام کے موثر ہونے پر سنگین سوالات اٹھا دیے۔ کارروائی کے دوران آڈٹ فرموں کے نام اور لیٹر ہیڈز کے غیرمجاز استعمال، آڈٹ رپورٹس پر منفرد دستاویزی شناختی نمبر کی عدم موجودگی، آڈیٹرز کی تقرری اور تبدیلی کے طریقہ کار، ممکنہ طور پر اپنی پسند کے مطابق آڈٹ رائے حاصل کرنے اور موجودہ کوالٹی کنٹرول و ریگولیٹری نگرانی کے انتظامات سے متعلق وسیع تر خدشات بھی سامنے آئے۔ ایف ٹی او نے اس سلسلے میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ، انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکائونٹنٹس آف پاکستان ، آڈٹ اوور سائٹ بورڈ اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو مشترکہ ادارہ جاتی مطالعے کی ہدایت کی ہے۔ ایف ٹی او نے درخواست گزار کو جزوی ریلیف دیتے ہوئے ٹیکس محکمہ کو ہدایت کی کہ آڈٹ سے متعلق دستاویزات طلب کرنے کے معاملے پر شکایت کا دوبارہ جائزہ لیا جائے۔ درخواست گزار متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کے سامنے قانونی مشیر کے ہمراہ پیش ہوسکتا ہے۔ سیکرٹری ریونیو ڈویژن کو 30 دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ متعلقہ اداروں کو 15 دن کے اندر اپنے نمائندے نامزد کرنا ہوں گے، مطالعاتی ٹیم اپنی جامع رپورٹ اور قابلِ عمل سفارشات 60 دن کے اندر پیش کرے گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل