Monday, November 23, 2026
 

دل کے مریضوں کے لیے طویل نیند خطرے کی علامت ہوسکتی ہے، تحقیق

 



ایک نئی 15 سالہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ دل کے امراض میں مبتلا افراد کا روزانہ نو یا اس سے زیادہ گھنٹے سونا صحت کے لیے تشویش کا باعث ہوسکتا ہے۔ تحقیق کے مطابق روزانہ نو گھنٹے یا اس سے زائد نیند لینے والے دل کے مریضوں میں تمام وجوہات سے موت کا خطرہ سات سے آٹھ گھنٹے سونے والوں کے مقابلے میں 50 فی صد زیادہ دیکھا گیا۔ چین اور جورجیا سدرن یونیورسٹی کے محققین کے مطابق زیادہ نیند خود کسی بیماری کی وجہ ہونے کے بجائے جسم میں موجود کسی بنیادی طبی مسئلے کی علامت بھی ہوسکتی ہے۔ محققین نے بتایا کہ ڈپریشن، نیند کے دوران سانس لینے میں دشواری، جسم میں سوزش، کمزوری، ایک سے زائد دائمی بیماریاں اور ادویات کے استعمال سے پیدا ہونے والے مسائل طویل نیند سے منسلک ہوسکتے ہیں۔ تحقیق میں کہا گیا ہے کہ دل کے مریضوں میں یہ علامات صحت کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی نشاندہی کرسکتی ہیں، جنہیں روایتی طبی معائنے میں نظرانداز کیے جانے کا خدشہ ہوتا ہے۔ محققین کے مطابق مریضوں سے ان کی نیند کے دورانیے کے بارے میں سوال کرنا خطرے سے دوچار افراد کی نشاندہی اور مزید طبی معائنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ تحقیق میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ نیند کا دورانیہ جانچنا ایک آسان، غیر تکلیف دہ اور کم خرچ طریقہ ہے، جسے اسپتالوں اور عام طبی مراکز میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ طویل نیند کو موت کی یقینی علامت نہیں سمجھنا چاہیے۔ البتہ، دل کے مریضوں میں نیند کے معمولات میں غیر معمولی تبدیلی کو نظرانداز کرنے کے بجائے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل