Loading
بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر سونی پت میں شادی کی تقریب اس وقت ناخوشگوار صورتحال اختیار کرگئی جب مبینہ طور پر گاڑی کی فرمائش پوری نہ ہونے پر دولہا شادی کی رسومات ادھوری چھوڑ کر اپنی والدہ کے ہمراہ واپس چلا گیا، جبکہ دلہن شادی کے لباس میں منڈپ پر اس کا انتظار کرتی رہ گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 20 نومبر کو سونی پت کے علاقے مام چند واٹیکا میں پیش آیا۔ دلہن کے والد سبھاش کمار نے الزام عائد کیا کہ دلی پولیس میں تعینات دولہا کلدیپ نے شادی کے موقع پر ہونڈائی اورا کے بجائے تقریباً 13 لاکھ بھارتی روپے مالیت کی ماروتی بریزا گاڑی کا مطالبہ کیا تھا۔
دلہن کے والد کے مطابق انہوں نے پہلے ہی دولہا کے لیے تقریباً ساڑھے 9 لاکھ بھارتی روپے مالیت کی گاڑی بک کروا رکھی تھی، تاہم شادی سے ایک روز قبل معلوم ہوا کہ دولہا اس گاڑی سے مطمئن نہیں اور زیادہ مہنگی بریزا گاڑی چاہتا ہے۔ اہلخانہ نے پہلی بکنگ منسوخ کرکے نئی گاڑی کا انتظام کرنے کی کوشش کی، لیکن وقت کی کمی کے باعث ایسا ممکن نہ ہوسکا۔
سبھاش کمار نے مزید الزام لگایا کہ دولہا اور اس کے اہلخانہ کی جانب سے گاڑی کے علاوہ سونے اور چاندی کے زیورات کا بھی مطالبہ کیا گیا تھا۔ ان مطالبات میں دولہا کے لیے دو تولے کی سونے کی چین، اس کی والدہ کے لیے چار تولے کی سونے کی بالیاں اور چاندی کی پازیب شامل تھیں۔ اس کے علاوہ دولہا کے بڑے بھائی اور بھابھی کے لیے بھی زیورات مانگے گئے تھے۔
دلہن کے والد کا کہنا تھا کہ انہوں نے شادی کی تیاریوں پر تقریباً 25 سے 30 لاکھ بھارتی روپے خرچ کیے تھے، جبکہ فرنیچر کی خریداری پر ہی ایک لاکھ 32 ہزار روپے لگائے گئے۔ شادی میں تقریباً 1200 مہمانوں کے کھانے کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔
شکایت کے مطابق شادی کے روز دولہا روایتی بارات کے بجائے اپنی والدہ کے ہمراہ عام لباس میں تقریب کے مقام پر پہنچا اور سب سے پہلے بریزا گاڑی کے بارے میں دریافت کیا۔ گاڑی موجود نہ ہونے پر دونوں خاندانوں کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوگئی۔
دلہن کے والد نے الزام لگایا کہ اس دوران دولہا نے ان کے اہلخانہ سے بدتمیزی کی اور دلہن کے بھائی ساحل سے بھی جھگڑا کیا۔ رشتہ داروں نے دولہا اور اس کی والدہ کو شادی کی رسومات مکمل کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی، تاہم دونوں انکار کرکے تقریب چھوڑ کر چلے گئے۔
دوسری جانب دلہن شادی کے لباس میں منڈپ پر بیٹھی دولہے کی منتظر رہی، لیکن وہ واپس نہیں آیا۔
واقعے کے بعد دونوں خاندانوں نے پولیس کو ڈائل 112 کے ذریعے اطلاع دی، جبکہ دلہن کے والد نے پولیس اسٹیشن میں تحریری شکایت جمع کروا کر دولہا اور اس کے اہلخانہ کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل