Loading
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے لاہور، کراچی اور پشاور میں احتجاجی جلسوں کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتیں ناکام ہو چکی ہیں، کہیں کوئی حکومتی رٹ نہیں ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ غزہ کی صورتحال خراب ہے، سردی بڑھنے سے خیموں کی ضرورت میں اضافہ ہوگیا ہے، مسلم ممالک کو غزہ کی صورتحال پر متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو امریکا کی پشت پناہی حاصل ہے، اسرائیل امن معاہدے کی ہمیشہ خلاف ورزیاں کرتا ہے اور پیس بورڈ اپنا کردار ادا نہیں کررہا۔ اسرائیل عالمی دہشت گرد ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کے لیے بھی کوئی معاہدہ ہونا چاہیے۔ مسئلہ کشمیر پر فوکس کرنے کی ضرورت ہے، لاکھوں کشمیریوں نے قربانیاں دی ہیں۔ آزاد کشمیر کے معاملے پر بھی معاہدہ ہونا چاہیے، حکومت کو آزاد کشمیر پر حکمت عملی بنانی چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی صورتحال مزید خراب ہوچکی ہے، حکومت کی رٹ کسی جگہ نہیں ہے ، حکومت مکمل گورننس قائم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ ملک میں مہنگائی کی شرح بڑھی ہے، پیٹرول کی قیمتیں کم ہوئیں لیکن مہنگائی کم نہ ہوسکی۔
انہوں نے کہا کہ حکومتیں ناکام ہوگئی ہیں، صوبے اور وفاق اپنی ذمہ داری ادا کریں۔ 10 کرپٹ اداروں میں ڈسکوز کی کرپشن زیادہ پائی گئی ہے، جبکہ صوبہ سندھ کی صورتحال ابتر ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سندھ حکومت 10 لاکھ گھر بنانے کا دعویٰ کررہی ہے، سندھ حکومت 21 لاکھ گھر کیسے بنائے گی؟ 10 لاکھ گھر کہاں بنائے گئے ہیں، کوئی ہمیں بتائے۔ کراچی کی ساڑھے 3 کروڑ کی آبادی ہوچکی ہے، کراچی کی آبادی کو کم کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سے بلوچستان سفر کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ بلوچستان میں عوامی اعتماد سے امن قائم ہوسکتا ہے۔ جمہوریت کی وجہ سے مسائل کا حل نکل سکتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 29 نومبر کو مینار پاکستان پر جلسہ عام ہوگا، ہم عام شہری کے حقوق کی بات کررہے ہیں۔ 12 دسمبر کو پشاور میں جلسہ عام ہوگا، جبکہ 20 دسمبر کو کراچی میں جلسہ عام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھی مہاجر کی سیاست اب نہیں چلے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل