Loading
وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ ملاقات کی اور اس موقع پر صوبے میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور عوام کی فلاح وبہبود کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا گیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی اور وزیراعظم نے صوبے میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے، پائیدار امن اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرادی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہادر سیکیورٹی فورسز اور خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے نفاذ پر وفاقی حکومت مکمل تعاون جاری رکھے گی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے خیبر پختونخوا کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا اور ہدایت کی کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں صحت اور تعلیم کے شعبوں سمیت سماجی ترقی کے اشاریوں میں بہتری پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کی سہولیات کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے پر بھی توجہ دی جائے۔
گورنرخیبر پختونخوا نے وزیراعظم کو صوبے میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے کے لیے گورنر اور خیبر پختونخوا ایڈوائزری کونسل کی جانب سے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل