Tuesday, November 24, 2026
 

برطانیہ میں حوثیوں کے اثاثے منجمد اور چار رہنماؤں پر سفری پابندی عائد کردی

 



برطانیہ نے یمن کے حوثی گروپ اور اس کے چار اہم عہدیداروں پر مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام پھیلانے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے الزامات کے تحت پابندیاں عائد کردیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلان میں کہا گیا ہے کہ حوثی تنظیم کے اثاثے منجمد اور برطانوی کمپنیوں میں ڈائریکٹرز کی حیثیت سے کام کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔ پابندیوں کی زد میں آنے والے چار افراد میں حوثی وزیر داخلہ عبد الکریم الحوثی، سیکیورٹی و انٹیلی جنس ادارے کے سربراہ عبدالحکیم الخیوانی، حوثی عدالت کے جج محمد موفلاح اور سینئر پراسیکیوٹر صارم الدین مفصل شامل ہیں۔ ان چاروں کے اثاثے منجمد کرنے کے علاوہ ان پر سفری پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں۔ ان عہدیداروں پر حوثی زیرانتظام علاقوں میں قیدیوں پر تشدد اور دیگر سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔ برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے کہا کہ حوثیوں کی جانب سے علاقائی اتحادیوں اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی نئی کارروائیاں ناقابل قبول ہیں اور انہیں جواب دہ ہونا ہوگا۔ برطانوی حکومت نے بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں تجارتی جہازوں پر حملوں، سعودی عرب کے شہری انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے اور یمن میں دوبارہ شروع ہونے والی لڑائی کو بھی پابندیوں کی وجوہات قرار دیا ہے۔ حکومت کے مطابق انسانی امداد اور یمنی عوام کی بنیادی ضروریات سے متعلق سرگرمیوں کو پابندیوں سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل