Loading
پاکستان کے دو اسٹارٹ اَپس ’بولتے حروف‘ اور ’رویلا فوڈز‘ کو اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف کے زیر اہتمام 2026 کے عالمی مقابلے کے 14 فاتحین میں شامل کر لیا گیا ہے، جس میں 10 ممالک کے اسٹارٹ اپس نے حصہ لیا۔
یونیسف پاکستان کے مطابق بولتے حروف بصارت سے محروم افراد کے لیے بریل نظام کے تحت ایسی دستاویزات تیار کرتا ہے جنہیں بینائی رکھنے والے اور نابینا افراد ایک ساتھ پڑھ سکتے ہیں، اس کے علاوہ ادارہ خصوصی افراد کے لیے معاون ٹیکنالوجی پر بھی کام کر رہا ہے۔
دوسری جانب رویلا فوڈز کھجور اور اس کی ضائع ہونے والی گٹھلیوں سے غذائی مصنوعات تیار کر رہا ہے، اس منصوبے کا مقصد خوراک کے ضیاع میں کمی اور غذائی ضروریات پوری کرنے میں مدد دینا ہے۔
عالمی مقابلے کے 14 فاتحین کو اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے لیے مالی معاونت، تربیت، ماہرین کی رہنمائی اور بین الاقوامی کاروباری نیٹ ورک تک رسائی فراہم کی جائے گی۔
بولتے حروف کے بانی ایچ ایس عمر فاروق نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کے ادارے کا مقصد معلومات تک رسائی کو سب کے لیے آسان بنانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ادارے نے حکومت سندھ کے ساتھ نابینا بچوں کے نصاب پر کام کیا اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے بینکاری کے شعبے میں بریل دستاویزات کے استعمال کو بھی فروغ دیا گیا ہے۔
یونیسف کا جنریشن ان لیمیٹڈ پروگرام نوجوانوں کو نئے کاروباری منصوبے شروع کرنے اور انہیں پائیدار کاروبار میں تبدیل کرنے کے لیے مالی معاونت، تربیت اور رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل