Tuesday, November 24, 2026
 

خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی اور فورسز کی کارروائیوں میں 2 کمانڈرز سمیت 8 دہشت گرد ہلاک

 



خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائیوں میں کالعدم تنظیم کے 2 کمانڈرز سمیت 8 افراد کو ہلاک کردیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق  کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) پشاور ریجن نے جانے خوڑ میرہ باچا خیل علاقہ پولیس سٹیشن بڈابیر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا کمانڈر تاج محمد عرف شینے اپنے دو تین ساتھیوں سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ اعلامیے کے مطابق سی ٹی ڈی کو  مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا کمانڈر تاج محمد عرف شینے ولد الماس، ساکن تیراہ، ضلع خیبر، اپنے دیگر مسلح دہشت گرد ساتھیوں سمیت بمقام بالا موجود ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔سی ٹی ڈی SWAT  ٹیمیں جدید اسلحہ سے لیس ہو کر فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوئیں۔   جوانوں نے جانے خوڑ میرہ باچا خیل دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے حکمت عملی کے ساتھ پوزیشن سنبھالی۔  دہشت گردوں نے دیکھتے ہی سی ٹی ڈی جوانوں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ اہلکاروں نے اپنی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف مواثر جوابی کارروائی کی۔ دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 20 سے 25 منٹ تک جاری رہا۔ فائرنگ کا سلسلہ تھمنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن  کے دوران 05 دہشت گرد ہلاک پائے گئے، جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ دورانِ آپریشن کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کا کمانڈر تاج محمد عرف شینے اپنے 2/3 ساتھیوں سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 عدد کلاشنکوف، 2 عدد پستول، 1 دستی بم، 6 میگزین اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے۔ فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا نے ملک دشمن عناصر کے خلاف موثر کارروائی پر جوانوں  کو داد دیتے ہوئے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس، محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ گرینڈ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے مقامی کمانڈر زرگل عرف انکل گروپ کے تین دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ متعدد مشتبہ سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا۔پولیس کے مطابق 24 نومبر کو بنوں کے علاقوں گریڑہ شاہ جہاں، کنگر اور دیگر ملحقہ دیہات میں دہشتگردوں کے خلاف ’’آپریشن سربلندی‘‘ کے نام سے گرینڈ آپریشن کیا گیا۔ مشترکہ کارروائی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور ان عناصر کو نشانہ بنایا گیا جو دہشتگردوں کی سہولتکاری میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران تین دہشتگرد ہلاک ہوئے جن کا تعلق کالعدم تنظیم کے مقامی کمانڈر زرگل عرف انکل گروپ سے بتایا گیا ہے۔ ہلاک دہشتگردوں میں زرگل کا بھتیجا بھی شامل ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل