Loading
بھارت میں منعقدہ میوزک فیسٹیول کے دوران امریکی ریپر سوئے لی کو اس وقت شدید غصہ آ گیا جب ہجوم میں موجود ایک شخص نے ان کے چہرے پر شراب اچھال دی۔ اچانک پیش آنے والے اس واقعے کے باعث گلوکار کو اپنی پرفارمنس روک کر سیکیورٹی اہلکاروں کو مداخلت کی ہدایت دینا پڑی۔
یہ واقعہ بھارتی ریاست میگھالیہ میں ہونے والے دو روزہ میوزک فیسٹیول کے دوران پیش آیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سوئے لی مداحوں سے گفتگو کے بعد اپنے مشہور گانے ’’بلیک بیٹلز‘‘ پر پرفارم کرنے کی تیاری کر رہے تھے کہ اسی دوران ایک شخص کی جانب سے اچھالی گئی شراب ان کے چہرے پر جا گری۔
اس حرکت پر ریپر نے فوری طور پر اپنے ڈی جے کو موسیقی بند کرنے کا کہا اور غصے میں پوچھا کہ شراب کس نے پھینکی ہے۔ انہوں نے مبینہ طور پر ذمہ دار شخص کو خبردار کیا کہ اگر اس نے دوبارہ ایسا کیا تو وہ اسے ماریں گے۔ اس کے بعد سوئے لی نے سیکیورٹی عملے کو ہدایت دی کہ متعلقہ شخص کو وہاں سے باہر نکالا جائے۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو ہجوم سے باہر نکال دیا۔ سوئے لی نے تولیہ منگوا کر اپنا چہرہ صاف کیا اور کچھ دیر بعد دوبارہ اسٹیج پر آ گئے، جہاں انہوں نے اپنی پرفارمنس مکمل کی۔ واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ نے بھی کارروائی کی۔
View this post on Instagram
خبر رساں ادارے کے مطابق حکام نے 22 نومبر کو تصدیق کی کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے ملزم کی شناخت کے بعد اسے حراست میں لے لیا اور مزید کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا۔
فیسٹیول میں نامناسب رویے کا سامنا کرنے والے سوئے لی واحد غیر ملکی فنکار نہیں تھے۔ آر اینڈ بی گلوکار خالد کی پرفارمنس کے دوران بھی ایک شخص نے ان کی جانب ٹی شرٹ اچھال دی تھی۔
شیلونگ چیری بلاسم فیسٹیول 20 اور 21 نومبر کو میگھالیہ کے علاقے بوئریم بونگ میں واقع مدن کرکالانگ اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوا۔ دو روزہ میلے میں بین الاقوامی فنکاروں کے علاوہ بھارتی گلوکاروں اور شمال مشرقی بھارت سے تعلق رکھنے والے موسیقاروں نے بھی شرکت کی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل