Loading
یمن کے جنوب مغربی صوبے لحج میں بسوں اور ٹرکوں پر فضائی حملے کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک ہوگئے حوثی باغیوں اور یمنی حکومتی افواج نے ایک دوسرے کو حملے کا ذمہ دار قرار دے دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیر کے روز سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے طیاروں نے لحج میں حوثیوں کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔
مقامی حکام نے بتایا کہ یمنی اتحادی فوج کے اس حملے کے وقت وہاں سے ایک ٹرک اور مسافر بس بھی گزر رہی تھی جو زد میں آگئے۔
ایک اور عہدیدار نے بتایا کہ حملے میں مارے گئے افراد میں 12 حوثی جنگجو تھے جبکہ 14 شہری بھی ہلاک ہوئے جو بس اور ٹرک میں سوار تھے۔
عینی شاہدین نے جائے وقوعہ پر بس اور ٹرک کے اندر جلی ہوئی لاشیں دیکھنے کی اطلاع بھی دی جبکہ متعدد زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا۔
دوسری جانب حوثیوں کے فوجی ترجمان نے حملے کا الزام سعودی فضائیہ پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی کا جواب دیا جائے گا۔
ادھر یمنی حکومتی افواج کے ترجمان ماجد الناظلی نے حملے کا الزام حوثیوں پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ حوثیوں نے عوامی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا جن پر کسی قسم کی فوجی شناخت موجود نہیں تھی۔
ادھر حوثیوں کی وزارت مواصلات نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ روز ساحلی صوبے حدیدہ میں ہونے والے الگ الگ حملوں میں مزید 17 افراد جاں بحق اور متعدد عمارتیں تباہ ہوگئیں۔
واضح رہے کہ یمن میں حوثی باغیوں اور حکومتی افواج کے درمیان لڑائی میں حالیہ ہفتوں کے دوران شدت آئی ہے۔ حوثی اب عبوری دارالحکومت عدن کی جانب پیش قدمی کررہے ہیں جس سے علاقے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل