Tuesday, November 24, 2026
 

’’فلک ابوبکر کے بھی ابو ہیں‘‘، سارہ خان نے اپنے بیان پر شوہر سے معافی مانگ لی

 



پاکستانی اداکارہ سارہ خان نے اپنے شوہر گلوکار فلک شبیر کو ڈرامہ سیریل ’’درِ نجات‘‘ کے مقبول کردار ابوبکر کا بھی والد قرار دینے والے اپنے بیان سے رجوع کر لیا ہے۔ ڈرامے میں ابوبکر کے والد کی حقیقت سامنے آنے کے بعد اداکارہ نے مزاحیہ انداز میں اپنے شوہر سے معذرت بھی کر لی۔ چند روز قبل ایک مارننگ شو کے دوران سارہ خان کی گفتگو کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا۔ اس میں وہ بتا رہی تھیں کہ ماضی میں معمولی باتوں پر بھی گھبرا جاتی تھیں اور کوئی چیز گم ہو جائے یا چوری ہو جائے تو شدید پریشانی میں مبتلا ہو جاتی تھیں۔ ان کے مطابق فلک شبیر کے ساتھ زندگی گزارنے کے بعد انہوں نے زیادہ پُرسکون رہنا سیکھا ہے، جبکہ اب وہ دوسروں کے جذبات اور احساسات کو بھی پہلے سے بہتر طور پر سمجھنے لگی ہیں۔ اسی گفتگو کے دوران میزبان نے ڈرامہ ’’درِ نجات‘‘ کے کردار ابوبکر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان دنوں ہر طرف اسی کردار کی بات ہو رہی ہے اور ناظرین کا خیال ہے کہ حقیقی زندگی میں ابوبکر جیسا شخص ملنا مشکل ہے۔ میزبان نے فلک شبیر کو بھی ابوبکر جیسا قرار دیا تو سارہ خان نے برجستہ کہا تھا کہ فلک تو ابوبکر کے بھی ابو ہیں۔ تاہم ڈرامے کی نئی قسط میں ابوبکر کے والد چوہدری امان علی گجر کی کہانی سامنے آنے کے بعد سارہ خان نے اپنے اس جملے پر نظرثانی کر لی۔ انہوں نے طنزیہ اور مزاحیہ انداز میں فلک سے معذرت کرتے ہوئے اپنے سابقہ الفاظ واپس لے لیے۔         View this post on Instagram                       واضح رہے کہ ’’درِ نجات‘‘ میں اداکار شہریار منور ابوبکر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ کردار پاکستان کے علاوہ بھارت اور بنگلادیش میں بھی ناظرین کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔ مداح ابوبکر کو ایک مثالی شوہر کے طور پر دیکھتے ہیں اور اس کی نرم مزاجی اور محبت بھرے رویے کو سراہتے ہیں۔ اس کے برعکس ڈرامے میں ابوبکر کے والد چوہدری امان علی گجر کی منفی کہانی نے ناظرین کو مایوس کیا ہے۔ نئی قسط میں انکشاف ہوا کہ امان نے ابوبکر کی والدہ خوش بخت کو دھوکا دیا تھا، جس کے بعد اس کردار کے بارے میں ناظرین کی رائے بھی تبدیل ہوئی۔ یہی انکشاف سارہ خان کے سابقہ جملے پر ان کے مزاحیہ ردعمل کی وجہ بنا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل