Loading
جنوبی کوریا کے معروف میوزک گروپ بی ٹی ایس کے رکن کم تائی ہیونگ، جنہیں مداح وی (V) کے نام سے جانتے ہیں، نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھارتی فلم ’آر آر آر‘ کے آسکر ایوارڈ یافتہ گانے ’ناٹو ناٹو‘ کی مکمل رقص کی ترتیب یاد ہے۔
ان کے اس اعتراف نے بھارتی مداحوں کو خوش کردیا، جب کہ فلم کی ٹیم نے بھی گلوکار کی جانب سے فلم اور اس کے مقبول گانے کو پسند کیے جانے پر شکریہ ادا کیا ہے۔
وی نے پیر کے روز ویورس پر بھارتی مداحوں سے گفتگو کے دوران بھارتی سنیما سے اپنی دلچسپی کا ذکر کیا۔ ایک مداح نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ بھارتی فلمیں دیکھتے ہیں؟ اس پر گلوکار نے بتایا کہ وہ بہت سی بھارتی فلمیں دیکھتے ہیں اور بالخصوص ان میں پیش کیے جانے والے رقص کے مناظر انہیں پسند ہیں۔
پسندیدہ بھارتی فلم کے بارے میں سوال کیا گیا تو وی نے کہا کہ کسی ایک فلم کا نام لینا مشکل ہے، تاہم انہیں ’تھری ایڈیٹس‘ اور ’دنگل‘ پسند ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ’آر آر آر‘ کے گانے ’ناٹو ناٹو‘ کی رقص کی پوری ترتیب انہیں یاد ہوچکی ہے۔ ان کے مطابق ایسی اور بھی کئی فلمیں ہیں، لیکن اس وقت انہیں ان کے نام یاد نہیں آرہے۔
وی کے اس انکشاف پر مداحوں نے خاص طور پر اس لیے بھی خوشی کا اظہار کیا کہ بی ٹی ایس کے ایک اور رکن جونگ کوک بھی پہلے اس گانے سے اپنی پسندیدگی ظاہر کرچکے ہیں۔ 2023 میں ایک ویورس لائیو سیشن کے دوران جونگ کوک نے مداحوں کے ساتھ موسیقی شیئر کرتے ہوئے ’ناٹو ناٹو‘ بھی چلایا تھا۔ اس موقع پر وہ گانے کے بولوں پر لب ہلاتے اور ایک دوسرے لائیو سیشن میں اس کی دھن گنگناتے بھی دکھائی دیے تھے۔
اب وی اور جونگ کوک کی جانب سے اپنے ’اریرانگ‘ ٹور کے دوران ’ناٹو ناٹو‘ کے مشہور ڈانس اسٹیپ کرنے کی ویڈیوز بھی دوبارہ سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں، جنہیں مداح خوب پسند کررہے ہیں۔
اس موقع پر فلم ’آر آر آر‘ کی ٹیم بھی خاموش نہ رہی۔ فلم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے دونوں گلوکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی گئی۔ پیغام میں کہا گیا کہ ’ناٹو ناٹو‘ کا جنون کبھی ختم نہیں ہوتا اور تائی ہیونگ اور جونگ کوک کی محبت کا شکریہ۔ اس پوسٹ پر مداحوں نے بھی بھرپور ردعمل دیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ ان کی پسندیدہ دو دنیائیں ایک بار پھر آپس میں مل گئی ہیں، جب کہ دیگر مداحوں نے بی ٹی ایس اور ’آر آر آر‘ کے درمیان اس مشترکہ پسندیدگی کو سراہا۔
ForeveRRR!! ????????
The #NaatuNaatu fever never stops!
Thank you #Taehyung and #Jungkook, for the love. ????????#RRRMovie @BTS_twt https://t.co/8Op0DYcnQ2
— RRR Movie (@RRRMovie) November 24, 2026
’ناٹو ناٹو‘ کی عالمی مقبولیت
ایس ایس راجامولی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’آر آر آر‘ 2022 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس کے مرکزی کردار رام چرن اور جونیئر این ٹی آر نے ادا کیے، جب کہ فلم کا گانا ’ناٹو ناٹو‘ ایم ایم کیراوانی نے ترتیب دیا، اس کے بول چندر بوس نے لکھے اور اسے راہول سپلی گنج اور کالا بھیروا نے اپنی آواز دی۔
فلم میں یہ گانا ایک ایسی تقریب کے دوران پیش کیا گیا ہے جہاں سیتا راما راجو اور کومارم بھیم کے کردار رقص کے مقابلے میں حصہ لیتے ہیں۔ پریم رکشیت کی کوریوگرافی میں تیار کیے گئے اس گانے کے مخصوص ڈانس اسٹیپس دنیا بھر میں مقبول ہوئے اور سوشل میڈیا پر مداحوں نے انہیں اپنا کر ویڈیوز بنائیں۔
’ناٹو ناٹو‘ نے گولڈن گلوب ایوارڈز میں بہترین اوریجنل گانے کا اعزاز حاصل کیا، جب کہ بعد ازاں اکیڈمی ایوارڈز یعنی آسکر میں بھی بہترین اوریجنل گانے کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔ یوں یہ دونوں بڑے اعزاز حاصل کرنے والا پہلا بھارتی گانا بن گیا۔ اس کے علاوہ اسے کریٹکس چوائس ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل