Tuesday, November 24, 2026
 

وفاقی اور صوبائی وزرا کا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جوابدہی کیلیے مؤثر قانون سازی پر زور

 



وفاقی و صوبائی وزرا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جوابدہی بڑھانے، ذمہ دارانہ کاروباری ماڈلز اپنانے اور گمراہ کن معلومات کی روک تھام کے لیے موٴثر قانون سازی اور ادارہ جاتی تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اسلام آباد میں ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور مابعد از حقیقت کے دور سے متعلق بین الاقوامی سیمینارکا انعقاد کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین کی تعداد تقریباً 10 کروڑ جبکہ اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کی تعداد 16 کروڑ کے قریب ہے، غیر مصدقہ معلومات کا پھیلاوٴ بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آزادی اظہار رائے اور شہریوں کی عزت و وقار کے تحفظ کے درمیان آئینی توازن برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔ وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی یا انہیں بند کرنا آخری راستہ ہونا چاہیے، شکایات کے ازالے کے لیے کمپنیوں اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانا ضروری ہے۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سوشل میڈیا کو پروپیگنڈے اور دہشت گردی کے فروغ کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔  سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے یٹا اور ٹک ٹاک کے نمائندوں نے مقامی قوانین اور اپنی کمیونٹی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ٹک ٹاک کے نمائندے کے مطابق پاکستان میں 2026 کی دوسری سہ ماہی کے دوران 3 کروڑ 30 لاکھ پوسٹس ہٹائی گئیں۔ مقررین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مواد کی نگرانی، الگورتھمز میں شفافیت، مقامی زبانوں میں شکایات کے نظام اور بروقت حقائق کی تصدیق یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل