Loading
پاکستان کی سیاست،جمہوریت جس انداز سے چل رہی ہے، اس نے ہماری سیاست کے حوالے سے کئی سوالات پیدا کردیے ہیں۔کیونکہ سیاست میں گہرائی کے فقدان اور جذباتیت نے سیاسی محاذ پر تنازعات شروع کردیے ہیں۔یہ کیفیت ٹکراؤ،تناؤ اور تصادم کی نشاندہی کرتا ہے اور ہم ان تمام معاملات میں ایک بڑی سیاسی،سماجی معاشی تقسیم کا شکار نظر آتے ہیں۔اب اسی بحث کو دیکھ لیں جو اس وقت ملک میں نئے صوبوں یا انتظامی یونٹ کی بنیاد پر ہورہی ہے اور اس میں ہمیں اس کی حمایت اور مخالفت میں شدت دیکھنے کو مل رہی ہے ،بلاول بھٹو نے تو واضع کردیا ہے کہ انھیں صوبہ سندھ کی تقسیم کسی صورت منظور نہیں ہے ، اگر زبردستی کی گئی تو ایسا کرنے سے خونریزی کے خطرات کو رد نہیں کیا جاسکتا ہے اور ایسا ہوا تو اسے ہم نہیں روک سکیں گے۔
سندھ کے قوم پرست کہتے ہیں سندھ میں نئے صوبے ہماری لاشوں پر بنیں گے یا ہم اسے بزورطاقت روکیں گے۔دوسری طرف ایم کیو ایم نئے صوبوں کی حمایت میں تحریک چلارہی اور اس نے اس عمل میں وفاقی حکومت کی جانب سے ریفرنڈم کی حمایت کا مطالبہ کیا ہے۔پیپلز پارٹی تو نئے صوبوں بالخصوص سندھ کی تقسیم کی مخالفت کررہی ہے لیکن اس عمل میں دوسری بڑی جماعت مسلم لیگ ن مکمل پر دوہری پالیسی یا تضاد کا شکار ہے۔کیونکہ بطورجماعت اور قیادت مسلم لیگ ن ابھی تک کوئی واضح موقف اختیار نہیں کرسکی۔لیکن مسلم لیگ ن کے وفاقی وزرا اپنی اپنی سطح پر نئے صوبوں یا انتظامی یونٹ سمیت اس معاملے پر ریفرنڈم کی حمایت کررہے ہیں۔جب کہ تیسری جماعت پی ٹی آئی کی بھی کوئی واضح پالیسی سامنے نہیں آسکی اگرچہ اس کے بقول ہم نئے صوبہ یا انتظامی یونٹ کے حامی ہیں لیکن موجودہ اسمبلی کے پاس یہ اختیار نہیں اور وہ نئے انتخابات کا مطالبہ کررہے ہیں بلکہ پی ٹی آئی کے بقول 26اور27ویں ترمیم بزور منظور کرائی گئی،اب بلاول بھٹو بھی یہ ہی اعتراف کررہے ہیں کہ اس ترمیم کی منظوری پر دباو ڈالا گیا تھا۔ایسے لگتا ہے کہ آئین میں جس طریقہ کار کے تحت نئے صوبہ کی تشکیل کا طریقہ کار ہے اس پرکافی سیاسی اور آئینی مشکلات کا سامنا ہے اور ایسے لگتا ہے کہ عمل شائد پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ میں موجود جماعتوں کی حمایت سے ممکن نہیں۔اسی بنیاد پر اب نئے صوبوں یا انتظامی یونٹ کی حمایت عوامی رائے عامہ کی طرف جانے کا فیصلہ کیا جارہا ہے یعنی ریفرنڈم کی مدد سے عوام سے رائے لی جائے کہ وہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹ کے حامی ہیں یا نہیں۔وزیر داخلہ محسن نقوی کے بقول اگر عوام نئے صوبوں کے حامی نہیں ہوںگے تو اسے سب کو قبول کرنا ہوگا اور لوگ حمایت کرتے ہیں تو اس کی تشکیل میں آگے بڑھنا ہوگا۔لیکن پاکستان میں اب تک جتنے بھی ریفرنڈم ہوئے ان کی ساکھ اور نتائج پر ہمیشہ سے سوالیہ نشان رہے بلکہ یہ ریفرنڈم متنازعہ رہے۔ایسے میں یہ سوال اٹھتا ہے کہ اس طرز کے ریفرنڈم کی شفافیت کیا ہوگی،لوگ اسے تسلیم کریں گے یا اس کے نتائج قومی سطح پر ایک بڑی سیاسی تقسیم کو پیدا کرنے کا سبب بنیں گے۔یہ سوچ اور فکر غلط ہے کہ لوگ نئے صوبوں کی جتنی بھی مخالفت کرلیں، یہ بنیں گے اوراگلے برس ہم ملکی سطح پر ایک نئے طرز کا نظام دیکھیںگے۔
اسی بنیاد پر صوبائی سطح پر مقامی حکومتوں کا نظام اور خود مختاری ان کی کبھی بھی ترجیحات کا حصہ نہیں رہا۔یہ ہی وجہ کہ مقامی حکومتوں کی کمزوری اور عدم موجودگی اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کی بنیاد پر ہم مسائل کے حل کو نئے صوبوں کے دائرہ کار میں تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔سب سے زیادہ مایوس ہمیں پارلیمانی نظام یا پارلیمنٹ نے کیا جہاں اہم مباحث کی کوئی گنجائش نہیں۔جب ایسے موقع پر پورے ملک کے اندر چند ارکان اسمبلی سمیت وزرایا معاشرے کے دیگر طبقات پرائیویٹ سیمنارز میں اس مسئلہ پر بحث کررہے ہیں لیکن پارلیمنٹ اس پر خاموش نظر آتی ہے۔کچھ لوگ یہ منطق بھی دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹ کی تقسیم کا فارمولہ سیاسی قوتوں سے زیادہ غیر سیاسی قوتوں کا ہے۔ ریفرنڈم سے پہلے ہمیں نئے صوبوں کی تشکیل یا نئے انتظامی یونٹ پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرنا چاہیے اور کھیل کر اس مسئلہ پر بات چیت ہونی چاہیے۔ اسی طرح جو جماعتیں پارلیمنٹ سے باہر ہیں یا وہ طبقات اس پر اپنی رائے رکھتے ہیں جو مختلف فورم پراس کے حق میں دلائل دے رہے ہیں،ان کی رائے کو بھی سمجھنے اور سننے کے لیے کوئی طریقہ کار ہو جو سب میں اتفاق رائے پیدا کرسکے۔
ملک کو آگے بڑھانے کے لیے ہمیں ہر صورت میں آئین اور قانون کے دائرہ کار میں ہی راستہ تلاش کرنا ہے اور اسی بنیاد پر ہم نظام کو مضبوط بناسکتے ہیں۔لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ہر دور میں ہم آئین اور قانون کو اپنے ذاتی مفادات کے لیے استعمال کرتے ہیں جو قانون یا آئین کی حکمرانی کو کمزور کرنے کا سبب بنتے ہیں۔ کوئی بھی نظام کبھی جبر اور خوف کی بنیاد پر نہیں چل سکتا، اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوتے ہیں۔اس لیے فیصلہ کرنے والوں کو بھی غور کرنا ہوگا کہ ہمیں سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے تاکہ ہم اختلافات کی سیاست سے بچ سکیں۔لیکن سوال یہ ہے کہ ہمارے مجموعی نظام میں یہ تدبر اور فہم و فراست موجود ہے کہ وہ اختلافات کو پیدا کیے بغیر سب کو ساتھ لے کر چل سکیں۔کیونکہ اب تک ہمارا مجموعی مزاج جمہوری سوچ اور فکر کے مقابلے میں غیر جمہوری سوچ یا غیر آئینی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔یہ ہی وہ وجہ ہے جو نظام کو چلانے میں داخلی سطح پر مشکلات پیدا کرنے کا سبب بن رہا ہے۔اس بحران سے نکلنے کے لیے ہمیں اپنے حالیہ طور طریقوں سے باہر نکلنا ہوگا اور کچھ ایسے اقدامات کی طرف بڑھنا ہوگا جو ریاستی نظام میں لوگوں کا اعتماد بحال کرسکے۔کیونکہ اس وقت بنیادی مسئلہ لوگوں اس نظام میں اعتماد سازی کی بحالی سے جڑا ہوا ہے۔
اس وقت سیاسی میدان میں کافی سیاسی گھٹن پائی جاتی ہے۔ ہمارے داخلی مسائل کی نوعیت کافی سنگین ہے جس میں سیاست، جمہوریت، معیشت،گورننس اور دہشت گردی ،ادارہ جاتی سمیت علاقائی سطح کے چیلنجز درپیش ہیں، ان سے باہر نکلنے کے لیے ہمیں بڑی سنجیدگی سے اپنے گھر کے معاملات کی درستگی کرنا ہوگا یا گھر کے ارینجمنٹ کودرست ٹریک پر لانا ہوگا۔ لیکن اس کے لیے سب کو ایک بڑے طرز کے اور بڑے فیصلوں کی سیاست کرنا ہوگی جو حقیقی معنوں میں عوامی مفاد کی عکاسی کرسکیں۔کیونکہ آپس میں ٹکراو اور تقسیم سمیت الجھاو کی سیاست ہمیں ترقی اور استحکام کی سیاست کا فقدان نظر آرہا ہے۔ یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ ہم اپنی داخلی سیاست کو مضبوط کیے بغیر علاقائی سیاست سے جڑے مسائل کا بھی حل تلاش نہیں کرسکیں گے۔ اس وقت جب کہا جاتا ہے کہ ہمیں آگے بڑھنے کے لیے بہت کچھ تبدیل کرنا ہے تو یہ سب کام باہمی اتحاد سے ہی ہوگا۔ ہم محض صوبوں یا انتظامی یونٹ تک گفتگو کو محدود نہ رکھیں بلکہ ایک بڑے فریم ورک میں حکمرانی کے نظام سے جڑے مسائل کا احاطہ کرکے ان کے مسائل کے حل کی عملا کوشش کو ممکن بنائیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل