Loading
کسی قوم کی خوش حالی کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جاتا ہے کہ اس کے عام شہری کو اپنے خاندان کے لیے چھت میسر ہے یا نہیں۔ ایک ایسی چھت جس کے نیچے بچے تحفظ کے احساس کے ساتھ پرورش پاسکیں، اور گھر کا سربراہ ہر ماہ کرائے کی ادائیگی کے خوف سے آزاد ہوکر اپنی زندگی کی دوسری ضروریات پوری کرسکے۔ مکان محض اینٹ، سیمنٹ اور چھت کا مجموعہ نہیں، یہ انسانی وقار، خاندانی استحکام اور معاشرتی تحفظ کی بنیادی علامت ہے۔
یہی وجہ ہے کہ کسی بھی ریاست کی فلاحی ترجیحات کا حقیقی پیمانہ یہ ہونا چاہیے کہ وہ اپنے کم آمدنی والے شہریوں کو بنیادی رہائشی سہولت کس حد تک فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ’’اپنا گھر پروگرام‘‘ کے تحت آیندہ چھ ماہ میں ایک ہزار ارب روپے کے قرضوں کی تقسیم کا ہدف مقرر کرنا اسی بنیادی ضرورت کو قومی پالیسی کے مرکز میں لانے کی ایک اہم کوشش ہے۔
وزیراعظم نے پروگرام کے تحت سو ارب روپے سے زائد کے قرضوں کی تقسیم کے سنگ میل پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ قرضوں کی منظوری کے عمل میں تیزی لائی جائے اور مستحق خاندانوں کو اپنے گھر کی تعمیر کے لیے مالی سہولت بلا تاخیر فراہم کی جائے۔
ان کا یہ عزم قابل توجہ ہے کہ اگلے چھ ماہ میں ایک ہزار ارب روپے کے قرضوں کی تقسیم کے لیے تمام انتظامی رکاوٹیں مشترکہ کوششوں سے دور کی جائیں۔ تاہم اس ہدف کی اہمیت صرف اس کی مالی وسعت میں نہیں بلکہ اس سماجی تبدیلی میں پوشیدہ ہے جس کی بنیاد ایک عام شہری کو اپنی چھت کی ملکیت فراہم کرکے رکھی جاسکتی ہے۔ پاکستان جیسے ملک میں جہاں بڑھتی ہوئی آبادی، شہری پھیلاؤ، مہنگی زمین اور تعمیراتی اخراجات نے رہائش کو متوسط اور نچلے متوسط طبقے کے لیے ایک مشکل خواب بنا دیا ہے، وہاں ایسی اسکیم کی کامیابی قومی معیشت کے ساتھ معاشرتی استحکام کے لیے بھی غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔
ہمارے معاشرتی ڈھانچے میں گھر کی ملکیت کو ہمیشہ تحفظ اور خودمختاری کی علامت سمجھا گیا ہے، لیکن گزشتہ چند دہائیوں میں زمین اور تعمیراتی سامان کی قیمتوں میں اضافے نے یہ سہولت عام آدمی کی دسترس سے دور کردی ہے۔ تنخواہ دار طبقے کا ایک بڑا حصہ اپنی آمدنی کا نمایاں حصہ مکان کے کرائے پر خرچ کرنے پر مجبور ہے۔ اس صورت حال میں بچت، بچوں کی تعلیم، علاج اور دیگر ضروریات کے لیے وسائل محدود ہوجاتے ہیں۔ دوسری جانب غیر یقینی کرایہ داری اور مکان خالی کرنے کے خدشات خاندانوں کی ذہنی آسودگی بھی متاثر کرتے ہیں، اگر ریاست آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے ذریعے ایسے خاندانوں کو اپنی چھت تعمیر کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے تو اس کے اثرات محض رہائشی سہولت تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ گھریلو معیشت، خاندانی تحفظ اور شہری زندگی کے معیار میں بھی بہتری آسکتی ہے۔
وزیراعظم کی جانب سے اس منصوبے میں شفافیت اور میرٹ کو بنیادی اصول قرار دینا بھی قابل تحسین ہے۔ انھوں نے واضح کیا ہے کہ قرضوں کی منظوری میں کسی قسم کی سیاسی سفارش یا اقربا پروری برداشت نہیں کی جائے گی، حتیٰ کہ وزیراعظم کی طرف سے آنے والی ناجائز سفارش بھی مسترد کردی جائے۔ یہ طرزِ فکر سرکاری وسائل کے منصفانہ استعمال کے لیے ناگزیر ہے۔
ہمارے ہاں بدقسمتی سے متعدد فلاحی منصوبے اس وقت اپنی افادیت کھو بیٹھتے ہیں جب ان کے فوائد مستحق شہریوں کے بجائے بااثر افراد اور سیاسی وابستگی رکھنے والے طبقات تک محدود ہوجاتے ہیں، اگر ایک غریب خاندان برسوں کی کوشش کے باوجود کسی سہولت سے محروم رہے اور دوسری طرف کسی بااثر شخص کو محض تعلقات کی بنیاد پر ترجیح مل جائے تو اس سے نہ صرف اداروں کی ساکھ متاثر ہوتی ہے بلکہ ریاست اور شہری کے درمیان اعتماد کا رشتہ بھی کمزور پڑتا ہے۔
اس اعتبار سے وزیراعظم کی یہ ہدایت کہ قرض حاصل کرنے والے شہریوں سے ان کی سیاسی وابستگی دریافت نہ کی جائے، ایک اہم انتظامی اصول کی حیثیت رکھتی ہے۔ ریاستی وسائل کسی جماعت، خاندان یا مخصوص طبقے کی ملکیت نہیں ہوتے۔ ان پر حق ان شہریوں کا ہے جو مقررہ شرائط پوری کرتے ہوں۔
تاہم شفافیت کے اس دعوے کو مستقل ادارہ جاتی نظام میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔ درخواستوں کی وصولی، اہلیت کے تعین، قرضوں کی منظوری اور رقوم کی فراہمی کے تمام مراحل قابل نگرانی اور قابل احتساب ہونے چاہئیں۔ درخواست گزار کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ اس کی درخواست کس مرحلے پر ہے، منظوری میں تاخیر کیوں ہورہی ہے اور مسترد کیے جانے کی صورت میں اس کی وجوہات کیا ہیں۔ ڈیجیٹل نگرانی، واضح قواعد اور آزادانہ آڈٹ اس پروگرام کو سیاسی مداخلت اور انتظامی بے ضابطگیوں سے محفوظ رکھنے میں موثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔
بینکوں کا کردار اس منصوبے میں غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ قرضوں کی فراہمی کا عملی نظام انھی مالیاتی اداروں کے ذریعے آگے بڑھنا ہے۔ وزیراعظم نے بینکوں کو منظوری کے عمل میں تیزی لانے کی ہدایت کرکے درست سمت کی نشان دہی کی ہے، لیکن اس مقصد کے حصول کے لیے محض ہدایات کافی نہیں ہوں گی۔
بینکوں کو اپنی روایتی قرضہ جاتی پالیسیوں میں ایسی لچک پیدا کرنا ہوگی جو کم آمدنی والے خاندانوں کی مالی استعداد سے مطابقت رکھتی ہو۔ عام شہری کے پاس اکثر مستقل اور بڑی آمدنی، وسیع اثاثے یا پیچیدہ مالی دستاویزات نہیں ہوتیں۔ اگر قرضوں کی منظوری کے لیے ایسی شرائط عائد کی جائیں جو صرف خوش حال طبقے پوری کرسکے تو پروگرام اپنے بنیادی مقصد سے محروم ہوجائے گا۔ ضروری ہے کہ اقساط کا تعین آمدنی کے تناسب سے کیا جائے، قرض کی واپسی کے لیے مناسب مدت فراہم ہو اور درخواست گزاروں کو غیر ضروری کاغذی کارروائی سے نجات دلائی جائے۔
وزیراعظم نے ماضی کی ہاؤسنگ اسکیموں کے حوالے سے بھی ایک اہم نکتے کی نشان دہی کی کہ ان کا رخ اکثر بڑے اور شاہانہ مکانات کی تعمیر کی طرف رہا، حالانکہ اشرافیہ کو ایسے قرضوں کی ضرورت نہیں ہوتی۔ یہ حقیقت ہمارے معاشی اور سماجی نظام کی ترجیحات پر سنجیدہ سوال اٹھاتی ہے۔ رہائشی منصوبہ بندی کا بنیادی مقصد اگر محدود طبقے کے لیے وسیع و عریض رہائش گاہیں تعمیر کرنا ہو تو اسے عوامی فلاح قرار نہیں دیا جاسکتا۔ اصل ضرورت ان خاندانوں کی ہے جو چھوٹے مکان، محدود قطع زمین یا موجودہ رہائش کی تدریجی تعمیر کے ذریعے اپنی زندگی بہتر بنانا چاہتے ہیں۔
چنانچہ قرضوں کی تقسیم میں کم آمدنی والے گھرانوں، بیواؤں، محنت کشوں، معذور افراد اور مستقل رہائش سے محروم خاندانوں کو ترجیح دینے کا قابل عمل طریقہ اختیار کیا جانا چاہیے۔اس پروگرام کی کامیابی کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان موثر تعاون بھی ناگزیر ہے۔ زمین کی دستیابی، ملکیتی دستاویزات، تعمیراتی اجازت ناموں، شہری منصوبہ بندی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی جیسے معاملات مختلف صوبائی اور مقامی اداروں سے متعلق ہیں، اگر وفاقی سطح پر قرض فراہم کردیا جائے لیکن متعلقہ شہری کو زمین کی قانونی حیثیت، نقشے کی منظوری، پانی، بجلی اور نکاسی آب کی سہولتوں کے حصول میں مشکلات پیش آئیں تو منصوبے کا عملی فائدہ محدود ہوجائے گا۔ اس لیے ضروری ہے کہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومتیں، بلدیاتی ادارے اور مالیاتی شعبہ ایک مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کریں۔ محض قرض کی منظوری گھر کی تعمیر کی ضمانت نہیں، اس کے لیے قانونی، انتظامی اور شہری سہولتوں کا مربوط نظام بھی درکار ہے۔
ایک ہزار ارب روپے کے قرضوں کی تقسیم کا ہدف یقیناً بڑا ہے، لیکن کسی بھی قومی منصوبے کی کامیابی کا تعین صرف تقسیم شدہ رقم سے نہیں بلکہ اس سے مستفید ہونے والے خاندانوں کی تعداد، تعمیر ہونے والے مکانات کے معیار اور قرضوں کی واپسی کے پائیدار نظام سے کیا جانا چاہیے۔ اس مقصد کے لیے ہر مرحلے کی پیش رفت عوام کے سامنے لانا ضروری ہے ۔ وزیراعظم کا یہ کہنا بجا ہے کہ مستحق خاندانوں کو گھر کی فراہمی قومی ذمے داری ہے۔ قائداعظم کے تصور پاکستان میں بھی ایک ایسی ریاست کا خواب شامل تھا جہاں شہریوں کو عزت، مساوات اور ترقی کے منصفانہ مواقع میسر ہوں۔ اس خواب کی تعبیر محض سیاسی نعروں سے ممکن نہیں بلکہ ایسے عملی اقدامات سے وابستہ ہے جو عام آدمی کی زندگی میں قابل محسوس تبدیلی لائیں۔ اپنا گھر پروگرام اسی سمت میں ایک مثبت پیش رفت ثابت ہوسکتا ہے، بشرطیکہ اسے وقتی تشہیری کامیابی کے بجائے مستقل قومی فلاحی منصوبے کی حیثیت دی جائے۔
حکومت کو چاہیے کہ مقررہ مدت میں قرضوں کی تقسیم کے ہدف کے ساتھ ساتھ اس بات کو بھی یقینی بنائے کہ کوئی مستحق خاندان محض مالی وسائل، سفارش یا انتظامی پیچیدگیوں کی وجہ سے اپنے بنیادی حق سے محروم نہ رہے۔ آخرکار ریاست کی اصل کامیابی بلند و بالا عمارتوں کی تعداد نہیں بلکہ ان گھروں کی خوش حالی ہے جن کے مکین برسوں کی محرومی کے بعد اطمینان سے کہہ سکیں کہ یہ چھت ہماری اپنی ہے۔ یہی وہ مقام ہوگا جہاں ایک حکومتی منصوبہ محض مالی اسکیم نہیں بلکہ قومی فلاح، سماجی انصاف اور ریاستی ذمے داری کی حقیقی علامت بن سکے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل