Wednesday, November 25, 2026
 

فریال گوہر کا کینسر اور جلنے سے متاثرہ خواتین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی، اپنا سر منڈوا لیا

 



پاکستانی ٹیلی وژن کی سینئر اداکارہ فریال گوہر نے کینسر، آتش زدگی اور تیزاب گردی سے متاثرہ خواتین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک منفرد قدم اٹھایا ہے۔ اداکارہ نے ڈیپلیکس اسمائل اگین فاؤنڈیشن کے اشتراک سے سر منڈوا کر اپنی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس کا مقصد ان خواتین کی مشکلات کو اجاگر کرنا ہے جو بیماری یا کسی حادثے کے باعث اپنے بالوں یا ظاہری حلیے میں تبدیلی کا سامنا کرتی ہیں۔ فریال گوہر پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی معروف اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ انہوں نے اپنے طویل کیریئر میں مختلف نوعیت کے کردار ادا کیے اور ’بند گلی‘، ’اڑان‘، ’وصال‘، ’چاند گرہن‘، ’کوہکن‘، ’موہنی مینشن کی سنڈریلا‘ اور ’چاندنی راتیں‘ جیسے ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اپنی خوبصورتی، متنوع کرداروں اور بے باک اندازِ گفتگو کے باعث بھی وہ شوبز حلقوں میں پہچانی جاتی ہیں۔ چند روز قبل فریال گوہر اس وقت خبروں میں آئی تھیں جب انہوں نے اپنی سابقہ ازدواجی زندگی میں مبینہ ذہنی اور جسمانی تشدد کے تجربات پر کھل کر بات کی تھی۔ اب انہوں نے کینسر اور جلنے یا تیزاب گردی کے باعث متاثر ہونے والی خواتین کی حمایت میں یہ قدم اٹھایا ہے۔ اسمائل اگین فاؤنڈیشن نے اداکارہ کی تصویر کے ساتھ ایک خصوصی پیغام بھی جاری کیا، جس میں ان کی خدمات اور تعاون کو سراہا گیا۔ پیغام میں کہا گیا کہ فریال گوہر کی بامقصد کاوشوں اور مسلسل حمایت نے تیزاب گردی اور جلنے سے متاثرہ افراد کو درپیش مسائل کے بارے میں آگاہی، ہمدردی اور سمجھ بوجھ پیدا کرنے میں مدد دی ہے۔ فاؤنڈیشن نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس مقصد کے لیے اس کے ساتھ کھڑے ہوں اور متاثرین کی مدد کے لیے عطیات دیں۔ ادارے کی جانب سے اس مہم کے ذریعے ان خواتین کی مشکلات کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے جنہیں بیماری یا کسی سانحے کے بعد اپنی ظاہری شناخت میں تبدیلی اور سماجی رویوں جیسے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل