Thursday, November 26, 2026
 

بری امام دربار کی زمین پر تنازع؛ عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا

 



اسلام آباد ہائیکورٹ نے بری امام ہاؤس کے خلاف سی ڈی اے کی کارروائی سے متعلق انٹرا کورٹ اپیل قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا، درخواست گزار نے سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا کی تھی۔ جسٹس اعظم خان اور جسٹس محمد آصف نے بری امام ہاؤس کی سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی۔ درخواست گزار محمد اکمل کی جانب سے احسن بھون ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت کی ہدایت پر سنگل بینچ کے فیصلے کا آخری پیراگراف پڑھا گیا۔ احسن بھون ایڈووکیٹ نے کہا کہ ابھی اس جگہ کی کوئی ڈیمارکیشن نہیں ہوئی، پہلے جوائنٹ ڈیمارکیشن کریں پھر آگے بڑھیں۔ ریکارڈ کے مطابق گولڑہ شریف دربار کو نہ صرف استثنیٰ کیا گیا بلکہ اور بھی زمین کو استثنیٰ دیا گیا۔ حضرت بری امام دربار پر ہزاروں لوگ آتے ہیں، انہوں نے لنگر خانہ ختم کر دیا۔ احسن بھون نے کہا کہ یہاں ریونیو ریکارڈ پر کوئی سڑک موجود نہیں، وزیراعظم نے ایک کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے اور یہ بہت حساس معاملہ ہے۔ میں کورٹ میں کہہ رہا ہوں دربار میری اونرشپ نہیں ہے، میں دربار کا جدی پشتی کسٹوڈین ہوں۔ احسن بھون ایڈووکیٹ نے کہا کہ بڑے ادب سے گزارش کروں، ایگزیکٹو اتھارٹیز کسی آرڈر کو ماننے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ جسٹس اعظم خان نے استفسار کیا کہ یہ دربار کا ایشو ہے یا رہائش کا ایشو ہے؟ وکیل احسن بھون نے کہا کہ وہاں زائرین رہتے ہیں، آج تک کوئی کمرشل ایکٹیویٹی وہاں پر نہیں ہے۔ احسن بھون نے کہا کہ گولڑہ ریونیو اسٹیٹ 600 سے زائد ایکڑ زمین کو استثنیٰ دے دیا گیا۔ جسٹس اعظم خان نے استفسار کیا کہ ریونیو ریکارڈ میں اس جگہ کا کیا اسٹیٹس ہے؟ وکیل نے کہا کہ آج تک سی ڈی اے نے بری امام ہاؤس کو ڈی سیل نہیں کیا، یہ اس کیس کا تشویشناک پہلو ہے کہ انہوں نے آج تک عدالتی حکم پر عمل نہیں کیا۔ وکیل احسن بھون نے بتایا کہ وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی میں راجہ سرفراز دربار کے کسٹوڈین کے طور پر ممبر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے تکلیف دہ ہے جو انہوں نے کیا ہے۔ ایک طرف گولڑہ اسٹیٹ 654 ایکڑ کی زمین کو آپ استثنیٰ کر رہے ہیں، دوسری جانب یہ تو چند کنال زمین ہے۔ جسٹس اعظم خان نے کہا کہ بھون صاحب، یہ تو آپ تسلیم کرتے ہیں کہ یہ حقائق کا فریقین کے درمیان تنازع ہے۔ احسن بھون ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم اس میں مکمل تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن آئیں ہمارے ساتھ بیٹھیں۔ زائرین کی بہتری کے لیے درمیان میں انہوں نے سڑک بنا دی جہاں لنگر خانے کا انتظام ہے۔ احسن بھون نے کہا کہ میں عدالت کے سامنے سرنڈر کرتا ہوں، آپ یہاں سے لوکل کمیشن مقرر کر دیں، وہ دیکھ لے۔ یہ کہتے ہیں 60 کنال جگہ ہے، میں کہتا ہوں 35 کنال زمین ہے۔ کسٹوڈین نے مینجمنٹ کرنی ہے، وہاں اپنا بھی کمرہ بنانا ہے۔ وکیل کاشف ملک نے کہا کہ خطرناک ٹرینڈ اس ملک میں آگیا ہے کہ مقدس ہستیوں کے نام پر اسٹیٹ لینڈ پر قبضہ کر لیا جاتا ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ یہ جگہ کس مقصد کے لیے استعمال ہو رہی ہے؟ وکیل سی ڈی اے کاشف ملک نے کہا کہ یہ سی ڈی اے ریکارڈ کے مطابق تجاوزات ہیں، مذہبی ہستیوں کے لیے ہمارے دلوں میں احترام ہے۔ کاشف ملک نے کہا کہ پٹیشن فائل ہوتی ہے کہ میرے پاس کچھ نہیں ہے، میں سمجھتا ہوں یہ پٹیشن جرمانے کے ساتھ خارج ہونی چاہیے تھی۔ ایک آدمی جو متاثرہ فریق ہی نہیں ہے، وہ کیسے پٹیشن فائل کر سکتا ہے؟ یہ پٹیشن منظور ہوگی تو ہر بندہ تصویریں لگا کر کہے گا یہ میری ملکیت ہے۔ وکیل سی ڈی اے نے کہا کہ سید پور ویلیج سمیت مختلف جگہوں پر بھی اسی قسم کی تصویریں تھیں، ان کے میٹر بھی لگے ہوئے تھے لیکن یہ سی ڈی اے لینڈ ہے۔ ان مقدس ہستیوں کا احترام ہم سب پر واجب اور لازم ہے۔ احسن بھون نے کہا کہ یہ بہت افسوسناک ہے کہ کہہ رہے ہیں مذہب کے نام پر قبضہ کر رہے ہیں۔ جسٹس محمد آصف نے کہا کہ یہ کمیٹی تو وزیراعظم نے بنائی ہے۔ وکیل سی ڈی اے کاشف ملک نے جواب دیا کہ کمیٹی صرف دربار کی حد تک ہے۔ بعد ازاں عدالت نے اپیل قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا، جبکہ احسن بھون کی جانب سے سنگل بنچ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا بھی کی گئی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل